Latest News

دیوبند علاقہ میں چاقوؤں سے حملہ کرکے نوجوان کا قتل، رات میں سوتے وقت سترہ سالہ نوجوان پر حملہ، علاقہ میں سنسنی۔

گاؤں نونابڑی میں چاقوؤں سے حملہ کرکے نوجوان کا قتل، رات میں سوتے وقت سترہ سالہ نوجوان پر حملہ، علاقہ میں سنسنی۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
گھر میں سورہے ایک 17سالہ لڑکے کا چاقوؤں سے حملہ کرکے قتل کردیاگیا۔ صبح کے وقت لڑکے کی خون سے لت پت لاش چارپائی پر پڑی ملی،قتل کی خبر کے بعد گاؤں میں سنسنی پھیل گئی، پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر چھان بین شروع کردی۔ مقتول کے اہل خانہ نے پرانی رنجش کے چلتے قتل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے گاؤں کے ہی پانچ افراد کے خلاف مقدمہ قائم کرایا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق دیوبند سے تقریباً 10کلو میٹر دور تھانہ بڑگاؤں علاقہ کے نونا بڑی گاؤں میں یہ واردات پیش آئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گاؤں کے رہنے والے آس محمد کا 17سالہ بیٹا آصف اپنے گھیر میں سویا ہوا تھا، دیر رات آصف کا دھار دار ہتھیاروں سے قتل کردیا گیا۔ صبح جب اس کا بھائی راقب گھیر میں پہنچا تو چارپائی پر آصف کی لاش پڑی دیکھ کر اس کے ہوش اڑگئے اور اس نے اس کی اطلاع فوراً گھروالوں کو دی۔ اطلاع ملتے ہی اہل خانہ گھیر میں پہنچے، قتل کی خبر سے آس پاس کے علاقوں میں سنسنی پھیل گئی، اطلاع ملتے ہی فوراً بڑگاؤں پولیس بھی موقع پر پہنچی اور لاش کو قبضہ میں لے کر چھان بین شروع کردی۔ ایس پی دیہات اتل شرما اور سی او دیوبند ڈی پی تیواری بھی فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے فورینسک ٹیم کے ساتھ موقعہئ واردات کا باریکی سے جائزہ لیا، جس کے بعد لاش کوقبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور ساتھ ہی پولیس نے معاملہ کی تفتیش شروع کردی۔ مقتول آصف کے بھائی راقب نے گاؤں کے ہی رہنے والے بھورا، مبین ولد سلامو، عثمان ولد بھورا، سلیم ولد مبین عرف للاّ اور نعیم ولد خلیل پر قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے تھانہ میں تحریر دی ہے،پولیس نے پانچوں نامزد کے خلاف قتل کا مقدمہ قائم کرلیاہے۔ اس سلسلہ میں تھانہ انچارج بڑگاؤں سبھاش چند گوتم نے بتایا کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے دبش دی جارہی ہے، بڑگاؤں میں آصف کے قتل کے معاملہ میں پرانی رنجش نکل کر سامنے آرہی ہے،پولیس کے مطابق مئی 2020میں گاؤں میں ہی ایک نوجوان احسان کا قتل ہوا تھا جس کا الزام آس محمد اور اس کے تین بیٹوں ماجد، ثاقب اور بھورے پر لگایا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ قائم کرکے جیل بھیج دیا تھا۔ کچھ دن بعد وہ لوگ ضمانت پر باہر آگئے تھے،اتنا ہی نہیں پولیس نے آس محمد اور اس کے دو بیٹوں کے خلاف ضلع بدر کی کارروائی بھی کی تھی، مقتول کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ اسی کی رنجش میں قتل کی واردات کو انجام دیا گیا تھا۔ آصف کے قتل میں نامزد کئے گئے ایک ملزم سلیم نے کچھ روز قبل ایس ایس پی کو ایک درخواست دی تھی، اس کا کہنا تھا کہ آس محمد کی جانب سے اس سے قبل ہوئے قتل کے معاملہ میں فیصلہ کا دباؤ بنایا جارہا تھا جس کے سبب لگاتار مقدمہ میں پھنسانے کی دھمکی بھی دی جارہی تھی، اس سلسلہ میں ایس پی دیہات اتل شرماکا کہنا تھا کہ نونا بڑی میں ایک 17سالہ لڑکے کا دھاردار ہتھیار سے قتل کیا گیا ہے،اہل خانہ نے پرانی رنجش کے تحت پانچ افراد پر قتل کرنے کاالزام عائد کیاہے۔ مقدمہ قائم کرلیا گیا ہے اور معاملہ کی تفتیش کی جارہی ہے، جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

DT Network

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر