قرآن کریم پوری کائنات کے لئے رشدو ہدایت کا ذریعہ ہے، مدرسہ فیض القرآن تاجپورہ میں حافظ نوید اختر کے حفظ کلام اللہ کے موقع پر دعائیہ تقریب کا انعقاد۔
دینی ادارہ مدرسہ فیض القرآن تاجپور میں بارہ سالہ طالبعلم حافظ نوید اختر کے ذریعہ حفظ کلام اللہ کی سعادت حاصل کرنے پر ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیاگیا،جس میں علماءکرام نے کلام اللہ اور حفاظ کرام کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے تکمیل حفظ کرنے والے بچے،اس کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔
مہمان خصوصی مولانا مفتی عبد المتین قاسمی لکھنو نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ قرآن حکیم پوری کائنات کے لئے رشدو ہدایت کا ذریعہ ہے، آج امت مسلمہ قرآن کریم کو ترک کرکے در در کی ٹھوکرے کھارہی ہے، انہوں نے قرآن کریم کی تلاوت کرنے ،اسے حفظ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی اور کہاکہ قرآن کریم کے مطابق زندگی گزارنے والے ہی فلاح پاتے ہیں۔ انہوں نے قرآن کریم کی فضیلت بیان کی اور حفاظ کرام کے مرتبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ حافظ قرآن کو اللہ پاک نے بڑے مرتبہ سے نوازا ہے، ایک حافظ اپنے خاندان کے دس ایسے افراد کو جنت میں لیکر جائیگا،جن کے لئے اللہ پاک نے جہنم کرفیصلہ کردیا ہو۔انہوں نے قرآن کریم کو مکمل دستور حیات قرار دیتے ہوئے اس کے مطابق زندگی گزارنے پر زور دیا او رروزانہ قرآن کریم کی تلاوت کو اپنے زندگی کامعمولی بنانے کی نصیحت کی۔ مفتی عبدالمتین قاسمی نے حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے والے بچے، اس کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ ہمیں اپنے بچوں کو قرآن کریم جیسی عظیم دولت سے سرفراز کرنا چاہئے،کیونکہ دنیا میں اس سے بڑی دولت اور سعادت کوئی دوسری نہیں ہے۔
مجلس کا آغاز قاری محمد افضل علی کی تلاوت سے ہوا، نذرانہ عقیدت ماسٹر عبد الستار خوشدل نے بارگاہ رسالت میں پیش کیا ۔آخر میں ناظم مدرسہ مفتی سلیم احمد کے مختصر خطاب اور دعاءپر مجلس کا اختتام ہوا۔ شرکاءمیں مولانا محمد احمد، مولانا محمد اویس، مفتی سعید احمد، مولانا اسماعیل، حافظ نسیم، حافظ نصیر احمد، حافظ صابر، حافظ وقار سمیت جملہ طلبہ واساتذہ موجودرہے۔
DT Network
0 Comments