Latest News

دیوبند علاقے سے ڈھائی سالہ بچی گھر کے باہر سے غائب۔

دیوبند علاقے سے ڈھائی سالہ بچی گھر کے باہر سے غائب۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
دیوبند سے تقریباً 15کلو میٹر دور تھانہ بڑگاؤں علاقہ کے گاؤں دلہیڑی میں ڈھائی سالہ بچی گزشتہ دیر شام گھر کے باہر کھیلتی ہوئی اچانک غائب ہوگئی،اہل خانہ نے دیر رات تک بچی کی تلاش کی لیکن وہ نہیں مل پائی، اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے دیر رات اور آج صبح آس پاس کے جنگلوں میں تلاشی مہم شروع کی لیکن بچی کا کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ گاؤں کے باشندوں نے بتایا کہ بچی دیر شام پیدل ہی گھر سے تقریباً آدھا کلو میٹر دور چلی گئی تھی، حالانکہ پولیس نے آس پاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی چیک کئے مگر بچی کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ڈھائی سالہ مسٹھا کے چچا سنجے سینی نے بتایا کہ گزشتہ دیر شام بچی گھر کے باہر کھیل رہی تھی، جب وہ دیر شام تک گھر واپس نہیں آئی تو اس کو گاؤں میں تلاش کیا گیا مگر اس کا کوئی پتہ نہیں چل سکا، اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس اور گاؤں کے باشندوں نے گھر گھر کی تلاشی لی، ڈاگ اسکوائڈ کی مدد سے رات اور آج صبح بھی تلاش کیا گیا، پولیس نے نامعلوم بدمعاشوں کے خلاف مقدمہ قائم کرلیا ہے۔ اتنا ہی نہیں پولیس نے مشتبہ افراد کی بھی تلاشی لی، دیر رات سی او دیوبند درگا پرشاد تیواری بھی گاؤں دلہیڑی پہنچے اور واقعہ کے سلسلہ میں معلومات حاصل کیں۔ تھانہ بڑگاؤں پولیس نے اہل خانہ کی تحریر پر نامعلوم بدمعاشوں کے خلاف اغوا کا مقدمہ قائم کیا ہے،وہیں بچی کے اہل خانہ نے شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہیں بچی کو تانترک کا کام کرنے والے اٹھاکر تونہیں لے گئے، جب کہ گاؤں کے باشندے جنگلی جانور کے ذریعہ اٹھائے جانے کا بھی شک ظاہر کررہے ہیں۔ سی او دیوبند درگا پرشاد تیواری کا کہنا ہے کہ بچی کی تلاش کی جارہی ہے، سبھی پہلوؤں پر غور کیا جارہا ہے،جنگلوں اور گھروں کی تلاشی بھی لی گئی ہے، جلد ہی بچی کو تلاش کر لیا جائیگا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر