کل سہارنپور میں انتخابی جلسہ کرینگے پی ایم مودی اور سی ایم یوگی، سیکوریٹی کے سخت انتظامات، اعلیٰ افسران نے لیا جائزہ۔
سہارنپور: (سمیر چودھری)
انتخابی اجلاس سے خطاب کرنے کل سہارنپور آرہے وزیر اعظم نریندر مودی کے پروگرام کی تیاریاں تیز ہوگئی ہیں، پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے جلسہ گاہ کا جائزہ لے کر سیکورٹی سمیت تمام پہلوﺅں پر تبادلہ خیال کیا، پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، اس کے ساتھ ہی ڈرون کیمروں سے بھی جلسہ گاہ پر نظر رکھی جائے گی ۔ تفصیل کے مطابق سہارنپور میں جمعرات کو دہرہ دون روڈ پر جیل چنگی کے نزدیک واقع ریماﺅنٹ ڈپو میدان پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ انتخابی اجلاس کو خطاب کریں گے، اس کو لے کر پولیس انتظامیہ پوری طرح مستعدہے ۔
انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اے ڈی جی راجیو سبھروال، ضلع مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ، ایس ایس پی آکاش تومر، ایس پی سٹی راجیش کمارنے ریماﺅنٹ ڈپو میدان کا جائزہ لیا ۔ سیکورٹی کے ساتھ ہی بہت سے پہلوﺅں پر تبادلہ خیال کیا، موقع پر خامیاں ملنے پر متعلقہ افسران کو انتظامات میں سدھار کرنے کے احکامات دیئے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے اجلاس کو لے کر ایس پی جی نے سہارنپور میں ڈیرہ ڈال دیا ہے ،ایس پی جی کے افسران نے بھی جلسہ گاہ کا جائزہ لیا ، اس کے ساتھ ہی علاقائی پولیس افسران کے ساتھ گفتگو کی ۔ جلسہ گاہ پر اسٹیج کے نزدیک سیکورٹی کی کمان ایس پی جی کے ہاتھو ںمیں رہے گی ، جب کہ دیگر انتظامات نیم فوجی دستوں اور پی اے سی کے جوانوں کے علاوہ پولیس سنبھالے گی۔ جلسہ گاہ پر ہی چار ہیلی پیڈ تیار کئے گئے ہیں، وزیر اعظم کے ساتھ تین ہیلو کاپٹر آئیں گے ، اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ اترپردیش کے ہیلی کاپٹر کے لئے الگ سے ہیلی پیڈ تیار کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے خطاب کے پیش نظر سیکورٹی کے لئے دو اے ڈی جی ، دو ڈی آئی جی، پانچ ایس پی، 12ایڈیشنل ایس پی، 21ڈپٹی ایس پی ، 18تھانوں کے انچارج ، 35انسپکٹر، 235سب انسپکٹر، 1150کانسٹبل، 16ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر، 5کمپنی پی اے سی تعینات رہےں گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ کے پروگرام کو لے کر پولیس کی جانب سے روٹ بھی ڈائیورٹ کیا جائے گا، اس کو لے کر ایس ایس پی آکاش تومر نے ٹریفک پولیس کو احکامات دیئے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم کے پروگرام کو لے کر بی جے پی کے علاقائی صدرموہت بینیوال ، ریاستی سکریٹری ڈاکٹر چندر موہن ، ضلع صدر ڈاکٹر مہندر سنگھ سینی سمیت دیگر پارٹی عہدیداران نے ریماﺅنٹ ڈپو میدان پہنچ کر پروگرام کی تیاریو ں کا جائزہ لیا۔
0 Comments