Latest News

پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا، سماجوادی پارٹی چھوڑ کر پھر بی جے پی میں شامل ہوئیں ششی بالا پنڈیر۔

پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا، سماجوادی پارٹی چھوڑ کر پھر بی جے پی میں شامل ہوئیں ششی بالا پنڈیر۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
2017ءمیں یوگی آدتیہ ناتھ کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے سے ناراض ہوکر بی جے پی چھوڑنے والی سابق رکن اسمبلی ششی بالا پنڈیر نے اب ایک مرتبہ پھر گھر واپسی کرلی ہے ،انہوں نے آج سماجوادی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی کادامن تھام لیا ہے، ہاپوڑ میں منعقد پروگرام میں بی جے پی کے صوبائی صدر سوتنتر دیو سنگھ نے انہیں پارٹی کی رکنیت دلائی۔ 
ششی بالاپنڈیر پہلی مرتبہ 1993ءمیں بی جے پی کے ٹکٹ پر ایم ایل اے منتخب ہوئی تھی ،وہ کافی متحرک خاتون لیڈر سمجھی جاتی ہیں ۔ ششی بالا دیوبند سے سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ کے دعویداروں میں تھیں لیکن سماجوادی پارٹی میں لمبی کھینچ تان کے بعد آخر کار کارتکیہ رانا کو ٹکٹ ملا ،جس سے سماجوادی پارٹی کے کئی لیڈر ابھی بھی ناراض دکھائی دے رہیں ۔ششی بالا پنڈیر کی اکھلیش یادو کے تئیں ناراضگی ان کا ایک آڈیو وائرل ہونے سے بھی ظاہر ہوئی ہے ،جس کے بعد ان کے سماجوادی پارٹی چھوڑنے کی قیاس آرائیاں لگائی جارہی تھی اور آج انہوں نے حسب توقع سماجوادی پارٹی چھوڑ کر ایک مرتبہ پھر بی جے پی کا دامن تھام لیاہے۔ ششی بالاپنڈیر گزشتہ پانچ سالوں سے مسلسل بی جے پی حکومت پر حملہ آور تھی اور عوامی مسائل سننے سمیت لوگوں سے رابطہ کرکے سماجوادی پارٹی کی حکومت بننے پر تمام مسائل حل کرانے کی یقینی دہانی کراتی تھی لیکن اب وہ خود بی جے پی میں شامل ہوکر بی جے پی کی جیت کو یقینی بنانے کے لئے سرگرم ہوگئی ہیں اور انہوں نے ضلع کی ساتوں سیٹوں پر بی جے پی کو کامیابی ہمکنار کرانے کی بات کہی ہے۔ 
واضح رہے کہ سیکولرزم کی بات کرنے والے اور مسلسل پانچ سالوں تک بی جے پی کی خرابیاں شمار کرانے والے کئی لیڈران اب بی جے پی میں شامل ہوکر ایک مرتبہ پھر اس کی تعریف میں لگ گئے ہیں ۔ ٹھاکر سماج سے تعلق رکھنے والی ششی بالا پنڈیر علاقہ کی سرگرم خاتون لیڈر ہے، ان کے بی جے پی شامل ہونے سے بی جے پی کو کتنا فائدہ ہوگا یہ تو وقت بتائے گا لیکن گزشتہ پانچ سالوں سے ان کے ساتھ سرگرم رہنے والے کئی حامیوں کو ان کے اس قدم سے کافی مایوسی ہوئی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر