Latest News

کورونا کے سبب بگڑے معاشی حالات سے سفر حج بیحد متاثر، متعینہ کوٹہ سے نصف بھی نہیں آئی درخواستیں۔

کورونا کے سبب بگڑے معاشی حالات سے سفر حج بیحد متاثر، متعینہ کوٹہ سے نصف بھی نہیں آئی درخواستیں۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
کوروناوباءکے سبب معاشی حالات کا جو دور شروع ہوا ہے اس سے سفر حج بھی متاثر ہوا ہے۔ معاشی تنگی اور سفر حج مہنگاہونے کی وجہ سے ہندوستان میں حج کوٹے سے پہلے کے مقابلے میں آدھی درخواستیں بھی حج کمیٹی کو موصول نہیں ہوپائی ہیں۔ سہارنپور ضلع میں بھی گزشتہ تین ہزار کے مقابلہ میں اس مرتبہ صرف 864لوگوں نے ہی حج کے لئے درخواست دی ہے 

واضح ہو کہ ہندوستان سے تقریباً 2لاکھ عازمین حج ہر سال سعودی عرب کے سفر پر جاتے تھے لیکن اس مرتبہ یہ اعداد وشمار کم ہوئے ہیں، اس مرتبہ حج ویزا فیس ، ویٹ، ہیلتھ انشورینس سعودی عرب میںرہائشی کرائے میں اضافہ کی وجہ سے سفر حج مہنگا ہوگیا ہے اور حج پر جانے والے مسافر کو 50ہزار روپے اضافی خرچ کرنے پڑرہے ہیں۔ دیوبند میں مسلم فنڈٹرسٹ کے ذریعہ چلائے جارہے حج کاﺅنٹر کے کنوینر فہیم صدیقی کے مطابق کہ ا س سے قبل سفر حج پر جانے والے افراد کو 2لاکھ 94ہزار روپے خرچ کرنے پڑتے تھے ، جب کہ اس مرتبہ پورے سفر پر تین لاکھ 47ہزار روپے کا خرچ آرہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی اور تنگی کے سبب اس سال 2لاکھ کے کوٹے سے آدھی بھی درخواستیں حج کمیٹی کو موصول نہیں ہوئی ہیں، تقریباً 44فیصد درخواستیں ہی اس مرتبہ موصول ہوپائی ہیں، حالانکہ مرکزی حج کمیٹی کی یہ کوشش رہی کہ کوٹہ کسی طرح پورا ہوجائے اس لئے کمیٹی کی جانب سے اس مرتبہ 105روز تک سائٹ کھلی رکھی گئی ہے۔ درخواست دینے کی میعاد میں اضافہ کرکے 15فروری کردیا گیا تھا اس کے باوجود بھی ہندوستان کا کوٹہ پورا نہیں ہوپایا ہے۔ 

مرکزی حج کمیٹی نے اترپردیش میں 36 ہزارافراد کا کوٹہ متعین کیا ہوا ہے اس میں اگر ضلع سہارنپور کی بات کی جائے تو یہاں سے ہر سال تین ہزار سے زائد افراد سفر حج کے لئے درخواستیں دیتے تھے مگر اس مرتبہ ابھی تک 864 افراد نے ہی حج کا فارم بھرا ہے ۔ ان میں سے دیوبند علاقہ کی 136درخواستیں بھی شامل ہیں، کوٹہ پورا نہ ہونے کی وجہ سے حج کمیٹی کی سائٹ ایک مرتبہ پھر کھلنے کی امید ہے۔

DT Network 

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر