Latest News

ریلوے ٹریک پر ویڈیو بنارہے 15 سالہ لڑکے اطہر کی ٹرین کی زد میں آکر دردناک موت۔

ریلوے ٹریک پر ویڈیو بنارہے 15 سالہ لڑکے اطہر کی ٹرین کی زد میں آکر دردناک موت۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
دیوبند کے قریبی قصبہ ناگل کے ریلوے اسٹیشن پر ویڈیو بنانے والے ایک نوجوان کی تیز رفتار ٹرین کی زد میں آکر موقع پر ہی درد ناک موت ہوگئی۔
تفصیل کے مطابق کیلاش پور کا باشندہ 15/سالہ اطہر ولد اسلم ناگل میں اپنے رشتہ دار کے یہاں شادی کی ایک تقریب میں شامل ہونے کے لئے آیا تھا، گذشتہ دیر شام وہ اپنے ایک ساتھی کے ساتھ ناگل ریلوے اسٹیشن پر گھومنے کی غرض سے گیا۔ تفریح کی غرض سے اطہر نے اپنے ساتھی کے ساتھ ریل لائن پر کھڑے ہوکر ویڈیو بنانی شروع کردی۔ چشم دید لوگوں کا کہنا ہے کہ ویڈیو بنانے کے دوران اطہر کے کانوں میں ائیر فون لگا ہوا تھا کہ اسی دوران سہارنپور کی جانب سے احمد آباد ایکسپریس ٹرین آگئی۔ ٹرین کو آتا دیکھ کر اس کے ساتھی نے اطہر کو ریل لائن سے ہٹنے کا اشارہ بھی کیا لیکن ائیر فون لگے ہونے کے باعث اسے کچھ سنائی نہیں دیاجس کے باعث وہ ٹرین کی زد میں آگیا اور موقع پر ہی اس کی درد ناک موت واقع ہوگئی۔
اس حادثہ کی اطلاع جیسے ہی اطہر کے اہل خانہ کو ملی وہ حواس باختہ ہوگئے او ر پورے گھر میں کہرام برپا ہوگیا۔ اسی درمیان پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور اس نے لاش کو اپنے قبضہ میں لیکر ضروری کار روائی انجام دی۔ چشم دید لوگوں کے مطابق اس پلیٹ فارم پر بیٹھے مسافروں نے بھی تیز رفتاری کے ساتھ ٹرین کو آتا دیکھ کر اطہر کو ریل لائن سے ہٹ جانے کیلئے آوازیں لگائیں لیکن کان میں ائیر فون لگے ہونے کیوجہ سے وہ کسی کی آواز نہیں سن سکا اور ٹرین کی زد میں آگیا۔ اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر محکم سنگھ نے بتایا کہ فوری طور پر اس حادثہ کی اطلاع جی آر پی کو دیدی گئی تھی، انہوں نے بتایا کہ اطہر کے اہل خانہ بغیر کسی کار روائی کے لاش کو اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

DT Network 

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر