Latest News

مولانا حسین احمد ہریدواری دارالعلوم دیوبند کے ناظم تعلیمات منتخب، تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری۔

مولانا حسین احمد ہریدواری دارالعلوم دیوبند کے ناظم تعلیمات منتخب، تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری۔
دیوبند:  عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند نے ناظم تعلیمات کی ذمہ داریاں مولانا حسین احمد ہریدواری کے سپرد کیں ہیں۔ ناظم تعلیمات مولانا خورشید احمد گیاوی کے استعفیٰ کے سبب یہ عہدہ خالی ہوا تھا۔
پیر کے روز مجلس تعلیمی کی طرف سے باضابطہ تحریری مکتوب بھیج کر مولانا حسین ہریدواری کو یہ اطلاع دی گئی۔ جس کے بعد سے مسلسل مولانا حسین ہریدواری کو تہنیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 14 اور 15 مارچ کو دارالعلوم دیوبند کے مجلس شوری کے اجلاس میں ناظم تعلیمات مولانا خورشید گیاوی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ حالانکہ پہلے انکا استعفیٰ نامنظور ہونے کی خبر آئی تھی لیکن بعد میں منظور کر لیا گیا تھا، جس کے بعد اس نہایت اہم اور بڑے عہدے کے لیے اراکین شوریٰ نے مولانا حسین احمد ہریدواری کا انتخاب کیا تھا۔ دار العلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حسین ہریدواری کو شورٰی نے ناظم تعلیمات منتخب کیا ہے۔
پچپن سالہ مولانا حسین احمد اتراکھنڈ کے ضلع ہریدوار کے گاؤں ایکڑ خورد کے رہنے والے ہیں اور متعدد کتابوں کے مصنف ہیں، جن میں سے کئی کتابیں طلبہ کے درمیان کافی مقبول ہیں۔ مولانا گزشتہ قریب 26 سالوں سے دارالعلوم دیوبند میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مولانا حسین احمد جمعیت علمائے اتراکھنڈ کے ریاستی صدر بھی ہیں اور انکا جمعیت علماء ہند کے قومی صدر و دارالعلوم دیوبند کے صدر المدرسین مولانا سید ارشد مدنی کے قریبی لوگوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر