Latest News

دیوبند میں ڈکیتی کی بڑی واردات، نقاب پوش بدمعاشوں نے سعودی عرب لوٹے شخص کے گھر کو بنایا نشانہ، 28 تولہ سونا اورلاکھوں روپیہ کی نقدی لوٹ کر فرار۔

دیوبند میں ڈکیتی کی بڑی واردات، نقاب پوش بدمعاشوں نے سعودی عرب لوٹے شخص کے گھر کو بنایا نشانہ، 28 تولہ سونا اورلاکھوں روپیہ کی نقدی لوٹ کر فرار۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
دیوبند کوتوالی کے گاؤں تگھری کے ایک گھر میں نقاب پوش بد معاشوں نے گھس کر پورے خاندان کو گن پوائنٹ پر لیکر لاکھوں روپے کی زیورات اور نقد رقم کی ڈکیتی کی واردات انجام دی۔بتایا جاتا ہے کہ جس شخص نے گھر میں ڈکیتی کی یہ واردات ہوئی ہے وہ چند روز قبل ہی سعودی عرب سے اپنے گھر لوٹا تھا۔
ڈکیتی کی اس واردات میں بد معاشوں نے گھر میں رکھے 28/تولہ سونے کے زیورات اور گھر میں رکھی لاکھوں روپے کی نقد رقم لوٹ لی اور فرارہوگئے۔
متاثرہ خاندان کے ذمہ دار فروز نے بتایا کہ بد معاشوں ولٹیروں کی تعداد پانچ تھی جنہوں نے نقاب پہن رکھی تھی اور سب ہتھیاروں سے لیس تھے فیروز نے بتایا کہ بد معاش چھت کے راستہ سے گھر میں گھسے اور انہوں نے کمرے میں سورہے اس کے والد جان عالم کو جگایا اور انہیں گن پوائنٹ پر لیکر گھر کے دوسرے افرادوں کو آوازیں لگوائیں تاکہ وہ جاگ جائیں۔فیروز کے مطابق جب وہ کمرہ سے باہر نکلا تو بد معاشوں نے اس کو بھی گن پوائنٹ پر لے لیا اور تمام اہل خانہ کو یرغمال بناتے ہوئے الماری میں رکھے تقریباً28/تولہ سونے کے زیورات،3/ لاکھ 80/ہزار روپے کی انڈین کرنسی نیز 22/ہزار سعودی ریال سمیت دوسری قیمتی چیزیں لوٹ کر لے گئے۔فیروز نے بتایا کہ تین مسلح بد معاش چھت پر پہرا دیتے رہے جبکہ دو بد معاشوں نے گھر کے اندر گھس کر لوٹ کی واردات انجام دی۔گھر کے لوگوں کا کہنا ہے کہ لوٹ کی واردات کو انجام دینے کے بعد بد معاش جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔بد معاشوں کے جانے کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس افسران میں افرا تفری کا عالم پیدا ہوگیا اورکوتوالی انچارج پربھاکر کینتورا پولیس ٹیم کے ساتھ آناً فاناًفیروز کے گھر پہنچ گئے اور انہوں نے متاثرہ خاندان کے افراد سے واردات کے بارے میں تفصیلی معلومات کیں اور بہت جلد بد معاشوں کو گرفت میں لینے اور زیورات ونقد رقم بر آمد کرانے کی یقین دہانی کرائی۔بعد ازاں فیروز نے ڈکیتی کی اس واردات کی تحریری اطلاع پولیس کو دی۔
کوتوالی انچارج کا کہنا ہے کہ تحریر کی بنیاد پر پورے معاملہ کی جانچ شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کئی پولیس ٹیموں کو بد معاشوں کی تلاش میں لگایا دیا گیا ہے بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ خاندان نے کچھ لوگوں پر اپنے شک کا اظہار کیا ہے اس لئے پولیس تمام پہلوؤں کو سامنے رکھ کر نہایت سنجیدگی کی ساتھ معاملہ کی جانچ کررہی ہے۔ 

پولیس ڈکیتی کی اس واردات کو دبانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے ذرائع کے مطابق پولیس نے متاثرہ خاندان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈکیتی کی اس واردات کے بارے میں کسی کو نہ بتائے لیکن ساتھ ساتھ یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ بہت جلد پورے معاملہ کی سازش کو بے نقاب کردیا جائے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی واردات انجام دینے کے طریقہ سے معلوم ہوتا ہے کہ واردات انجام دینے والے بد معاشوں کو یہ معلوم تھا کہ گھر میں لاکھوں روپے کی نقد رقم اور سونے کے زیورات رکھے ہوئے ہیں کیونکہ متاثرہ فیروز کچھ قبل ہی سعودی عرب سے اپنے گھر واپس آیا تھا جس کا علم گاؤں کے زیادہ تر لوگوں کو تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر