Latest News

ممتاز ادیب مولانا نسیم اختر شاہ قیصر کی کتاب ’اوراق شناسی‘ کا اجراء، مولانا نسیم اختر شاہ قیصر ہمارے عہد کے ممتاز قلم کار ہیں: قاری ابوالحسن اعظمی۔

ممتاز ادیب مولانا نسیم اختر شاہ قیصر کی کتاب ’اوراق شناسی‘ کا اجراء، مولانا نسیم اختر شاہ قیصر ہمارے عہد کے ممتاز قلم کار ہیں: قاری ابوالحسن اعظمی۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
دارالعلوم وقف کے استاد و ممتاز ادیب مولانا نسیم اختر شاہ قیصر کی کتاب ”اوراق شناسی“ کے دوسرے ایڈیشن کا رسمِ اجراء محلہ خانقاہ شاہ منزل میں منعقدہ تقریب میں عمل میں آیا۔
اس موقع پر دارالعلوم دیوبند کے سابق شیخ القراء رابطہ عالم اسلامی مکہ مکرمہ کے رکن مولانا قاری ابوالحسن اعظمی نے کہا کہ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر ہمارے عہد کے ممتاز قلم کار ہیں، ان کا قلم علم، ادب، سیاست، شخصیت نگاری اور خاکہ نویسی میں جس چابک دستی اور مہارت کا ثبوت دیتا ہے وہ کچھ ان ہی کا امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”اوراق شناسی“ کا دوسرا ایڈیشن وقیع اضافوں کے ساتھ زیور طباعت سے آراستہ ہوا ہے۔ قاری ابوالحسن اعظمی نے مزید کہا کہ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر کو لکھنے کا فطری انداز اور ملکہ حاصل ہے، زبان وبیان پر ان کی گرفت مضبوط ہے۔ دلکش عبارتوں اور خوبصورت جملوں سے ان کی تحریریں آراستہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے 70کے قریب کتابوں پر قیمتی مقدمات اور بیش قیمت آراء تحریر کی ہیں ان میں سے 38کتابوں پر لکھی تحریروں کا انتخاب یہ اوراق شناسی ہے، جو خوب سے خوب تر ہے اور دل پذیر معلوماتی مقدمات کا مجموعہ ہے۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ امام محمد انور شاہ کے استاذ حدیث مولانا فضیل احمد ناصری نے کہا کہ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر کی قلمی صلاحیتیں لائق ذکر اور دیوبند کی قلمی تاریخ کا تعارف ہیں، ان کا قلم بہاؤ، روانی، جاذبیت، اسلوب اور انشائی خوبیوں کا مرقع ہوتا ہے۔ خوشی اور بارگاہِ رب میں شکر کی بات یہ ہے کہ 49سال سے ان کاقلم بھرپور توانائیوں کے ساتھ اپنی فکر اور مطالعہ کی روشنی بکھیر رہا ہے،ان کو خلاق عالم نے قلم کی دولت سے مالا مال کی، ان کے کامیاب، قابل اعتبار اور حسین قلمی سفر کی گواہی، ان کی 27گراں قیمت کتابیں اور لاتعداد مقالات ومضامین ہیں۔ بلاشبہ آج قرطاس وقلم کی حکمرانی ان کو حاصل ہے۔
مولانا فضیل ناصری نے کہا کہ ”اوراق شناسی“ کا پہلا ایڈیشن خوبیوں کی بنا پر ہاتھوں ہاتھ نکل گیا، امید ہے کہ یہ اس سے بھی زیادہ مقبول ہوگا۔ کتاب میں متعدد اہل علم وادب کی کتابوں پر تحریر کردہ تقاریر اور مقدمات شامل ہیں، یہ ہم خورما وہم ثواب کی مصداق ٹھہرتی ہیں۔ اس میں اصحاب کتاب کا بیش قیمت تعارف بھی ہے اور مختلف اصناف ِ سخن پر سیر حاصل گفتگو بھی اس کو جتنی بار پڑھیں، ہر بار مز ہ دیتی ہے۔
پروگرام کی نظامت عبدالرحمن سیف نے کی، اس موقع پر عمر الٰہی، اسماعیل قریشی، رضوان سلمانی، فیروز خان، عارف عثمانی کے علاوہ سرکردہ افراد شریک رہے۔

DT Network 

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر