تخصص اور کمپیوٹر سمیت کئی شعبوں کے قیام، تین منزلہ جدید لائبریری کی تعمیر و دیگر اہم فیصلوں کے ساتھ جامعہ مظاہرعلوم سہارنپور کی مجلس شوریٰ کا اجلاس اختتام پذیر۔
سہارنپور: حسب سابق اس سال بھی ماہِ شعبان میں مظاہرعلوم کی شوریٰ کا اجلاس حضرت حکیم کلیم اللہ علی گڑھ کی زیر صدارت مدرسہ کے دارالمشورہ میں منعقد ہوا۔
جس میں علی گڑھ سے حکیم کلیم اللہ ،رائے چوٹی آندھرا سے مولانا مفتی معصوم ثاقب، مدراس سے مولانا مفتی سبیل احمد ، علی گڑھ سے غلام رافع شیروانی ، دہلی سے الحاج سلامت اللہ، سرساوہ سہارنپور سے مولانا محمد عارف ابراہیمی، جامعہ کے امین عام مولانا سید محمد شاہد الحسنی اور ناظم و شیخ الحدیث مولانا سید محمد عاقل سمیت کل آٹھ اراکین شوریٰ نے شرکت کی۔
اِس اجلاس شوریٰ کا ۲۲؍دفعات پر مشتمل ایجنڈہ پہلے سے جاری کردیا گیا تھا جس پر اس میٹنگ میں غور و خوض ہوا، اس میٹنگ کی کارروائی جامعہ کے استاذ مولانا قاری سید محمد عمار کی تلاوت کے بعد جامعہ کے امین عام مولانا سید محمد شاہد الحسنی نے چلائی، اراکین شوری نے متفقہ طور سے یہ تجویز منظور کی کہ مظاہرعلوم کی آفاقیت اور علمی وقار کے پیش نظر یہاں دیگر تخصصات کے شعبوں کی طرح مستقل طور سے شعبۂ تخصص فی التفسیر، تخصص فی التجوید بھی قائم کیا جائے، اسی طرح حالات و ضرورت کے پیش نظر کمپیوٹر کی تعلیم کے لئے باقاعدہ شعبۂ کمپیوٹر بھی قائم کیاجائے جس کے بہت سے امور گذشتہ اجلاس شوریٰ میں طے کئے جاچکے ہیں، ماہ شوال سے ان شعبوں کے باقاعدہ اجراء کا فیصلہ اور جامعہ کی متعین کردہ شرائط کے ساتھ خواہشمند طلبہ کے داخلوں کی اجازت دیدی گئی ہے۔
کتابوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظرجامعہ کی مرکزی لائبریری کی وسیع دومنزلہ عمارت ناکافی ہوچکی ہے اس لئے اُس لائبریری سے متصل خالی جگہ پر تین منزلہ لائبریری کی عمارت تیار کرانے کی بھی منظوری دیدی گئی ہے، جامعہ کے امین عام اس کا بجٹ اور نقشہ اگلی شوریٰ میں پیش کریں گے ۔
ناظمِ مکاتب مولانا مفتی سید محمد صالح نائب ناظم مدرسہ کی پیش کردہ مکاتب دینیہ کی تفصیلی رپورٹ پڑھی گئی، مجلس شوری نے اس پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا مزید کچھ نئے مکاتب کے اجراء کی اجازت دی گئی ہے،
جامعہ مظاہر علوم کے ممتاز اور قابل فخر شعبہ ’’تخصص فی الحدیث ‘‘ کے متعلق طے ہوا کہ آنے والے ماہ محرم ۱۴۴۴ھ میں اس کا اجلاس عام کرلیا جائے اور اس شعبہ کی پچیس سالہ خدمات اور اس کی تفصیلی رپورٹ بھی شائع کی جائے۔ شوریٰ کا یہ اجلاس صدر مجلس حضرت حکیم کلیم اللہ علی گڑھ کی دعا پر اختتام پذیر ہوا۔
سمیر چودھری۔
0 Comments