Latest News

مدرسہ مدینۃ العلوم لکھنوتی میں سالانہ جلسہ دستار بندی کا انعقاد۔ مولانا سید ازہر مدنی نے کیا خصوصی خطاب۔

مدرسہ مدینۃ العلوم لکھنوتی میں سالانہ جلسہ دستار بندی کا انعقاد۔ مولانا سید ازہر مدنی نے کیا خصوصی خطاب۔
سہارن پور: اہل اللہ اور مشائخ کی سرزمین قصبہ گنگوہ کے مضافاتی گاؤں لکھنوتی میں قائم مدرسہ مدینة العلوم کے زیرانتظام ایک جلسہ منعقد ہوا جس کی صدارت جمعیة علماء اترپردیش کے سکریٹری مولانا سید ازہر مدنی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولوی محمد اویس لکھنوتی اور مفتی جنید احمد قاسمی نے مشترکہ طورپر انجام دۓ ۔ اس موقعہ پر حفظ مکمل کرنے والے چارطلبہ کی دستاربندی بھی علماۓ دین کے ہاتھوں انجام پذیر ہوئی ۔
دریں اثناء اجلاس کو خطاب کرتے ہوۓ معروف عالم دین مولاناسیدازہرمدنی نے ذکرالہی کے فضائل وفوائد پر روشنی ڈالی اور اسے مؤمن کیلۓ روحانی غذا سے تعبیر کیا ۔ مولانامدنی نے کہاکہ اللہ کا نام لیتے رہنا خوش بختوں کا وظیفہ ہے جس سے اس کے قلب وقالب پر حرارت ایمانی کی تپش پڑتی ہے ۔موصوف نے مزید کہا کہ اللہ کا نام جب تلک اس دنیا میں گونجتا رہے گا تو یہ زمین وآسمان کا نظام بھی باقی رہے گا لیکن حیرت کا مقام ہے کہ یہی اللہ کا نام لینے والے ہمیشہ مشق ستم بنتے رہے ہیں ۔
جامعہ اشرف العلوم رشیدی گنگوہ کے استاذ تفسیر مولانامحمدصابرقاسمی نے سماج ومعاشرہ کی اصلاح پر زوردیتے ہوۓ کہا کہ اس کے بغیر ہم اللہ کی رحمتوں کے قریب نہیں آسکتے ۔ مولانا نے مزید کہا کہ سماج میں بگاڑ اور منکرات کے بڑھنے سے انارکی پھیلتی ہے اور برکتوں کا دروازہ بند ہوجاتا ہے اس لۓ بھلائیوں کی تلقین اور برائیوں سے بچنے کی دعوت صالح معاشرت کا لازمی عنصر ہےجس سے اہل علم افراد کو غافل نہیں رہنا چاہئیے ۔
جمعیة علما بلاک گنگوہ کے صدر اور جماعتی نظام شوری کے رکن مفتی غیاث الدین قاسمی نے مدارس کی افادیت پر روشنی ڈالی اور دینی مدرسوں کو اسلام کے پاور ہاؤس سے تعبیر کیا انہوں نے کہا کہ سماج کی اصلاح وتربیت میں مدارس کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ اجلاس کو مولانا محمد صادق مظفرنگری اور مولانا محمود سلمان گنگوہی نے بھی خطاب کیا ۔
صدر اجلاس مولاناسید ازہر مدنی کی دعا پر پروگرام ختم ہوا جبکہ ناظم مدرسہ مفتی غیاث الدین قاسمی نے تمام مندوبین کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقعہ پرقاری عبدالرحمان ناظم دارالعلوم حسینیہ گنگوہ قاری محمدمستعد ماسٹر محمدراشد صدرجمعیة علماتحصیل نکوڑ مولوی محمدانس مفتی محمداسامہ رشیدی مولوی محمدطاہر رشیدی اور شاعر نوجوان جگر دھانوی سمیت قرب وجوار کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر