قرآن کریم بھٹکے ہوؤں کو سیدھا راستہ دکھانے والی کتاب ہے، خانقاہ رائے پور میں منعقد دعائیہ تقریب میں مولانا عبداللہ مغیثی کا خطاب۔
روحانی خانقاہ رائے پور کے مدرسہ فیض ہدایت گلزار رحیمی میں تکمیل حفظ کلام اللہ شریف کی مناسبت سے ایک دعائیہ تقریب کاانعقاد زیر سرپرستی جانشین مفتی عبدالقیوم ؒ شاہ عتیق احمد ناظم و متولی خانقاہ رائے پورکیاگیا،جس کی صدارت عاشق ملت مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی قومی صدر آل انڈیا ملی کونسل نے کی۔ تقریب میں قرب وجوار اورمہمانوں کے ساتھ اساتذہ و طلباء نے شرکت کی۔
اس موقع پر حفظ اور ناظرہ وتجوید مکمل کرنے والے پچاس سے زائد طلبہ کی دستاربندی علماء کے بدست عمل میں آئی۔پروگرام کا آغاز قاری محمد حنیف استاذ فیض ہدایت خانقاہ رائے پور کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔اس موقع پر مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی نے کہا کہ قرآن مجید انسانوں کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لانے اوربھٹکے ہوؤں کو سیدھا راستہ دکھا نے والی کتاب ہے، جسکا سیکھنا سکھانا دوسرے تمام اچھے اعمال سے افضل و اشرف عمل ہے، لیکن افسوس قرآن کریم کو ہم پڑھتے پڑھواتے تو ہیں لیکن اس پر عمل نہیں کرتے ہیں،آج سے یہ عہد کریں کہ قرآن مجید کی تلاوت کے لئے روزانہ وقت نکال کر تلاوت کریں گے اور اس کو سمجھیں گے اور عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
انھوں نے خانقاہ رائے پور کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خانقاہ رائے پور کی روشن و خوبصورت تاریخ رہی ہے،اس خانقاہ سے تزکیہ نفس اصلاح وتربیت ودعوت حق کی صدائیں گونجتی رہی ہیں۔مولانا شاہ عبدالرحیمؒ سے لیکر مفتی عبدالقیوم نوراللہ مرقدہ تک سبھی بزرگان دین نے تزکیہ نفس اصلاح،تربیت ا وردعوت حق کا کام اپنی آخری سانس تک جاری رکھا، اللہ تعالی یونہی اس خانقاہ سے قوم کی تربیت کا کام لیتا رہے۔
پروگرام کے اخیر میں مدرسہ کے شعبہ حفظ سے فارغ 21 طلبہ اور شعبہ ناظرہ سے فارغ 31 طلبہ کی دستار بندی ہوئی۔قاری راشد نے مدرسہ کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔پروگرام میں ڈاکٹر شفیق احمد،مولانا شریف،مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی مہتمم جامعہ رحمت گھگھرولی،مولانا دلشاد،مولانا عبدالخالق مغیثی،قاری افتخار،قاری ناصر،قاری عاطف،مولانا ہارون، قاری منیف،قاری ارشد،بھائی مستقیم اور قاری اعظم سمیت ہزاروں لوگ موجود رہے۔
DT Network
0 Comments