Latest News

قاری ابوالحسن اعظمی کی کتاب کا علماء کے ہاتھوں رسم اجراء۔

قاری ابوالحسن اعظمی کی کتاب کا علماء کے ہاتھوں رسم اجراء۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
دارالعلوم دیوبند کے سابق شیخ القراء مولاناقاری ابوالحسن اعظمی کی کتاب ”نگارشات اور میرے قلبی تأثرات“ کا اجراء علماء کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ 
اس موقع پر پروگرام کی صدارت کررہے قاری ابوالحسن اعظمی نے کہا کہ معروف عالم دین مولانا ندیم الواجدی اور معروف ادیب مولانانسیم اختر شاہ قیصر کی رعنائیاں اور توانائیاں روز مختلف عنوانات کے ساتھ سامنے آتی ہیں، ہر موضوع اور عنوان کو انہوں نے جلا بخشی ہے اور گزشتہ 50سال سے ان کا قلم کاغذ سے اپنے رشتوں اور مضبوط تعلق کو قائم رکھے ہوئے ہیں۔ دونوں حضرات کے مضامین نے دل پر جو خوشگوار تأثر قائم کیا، اسی کا اظہار یہ میری کتاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”فکرِ انقلاب“ دہلی نے اتنے ضخیم اور وقیع نمبرات شائع کئے ہیں۔ آل انڈیا تنظیم علمائے حق کے صدر مولانا اعجاز عرفی نے اس سمت میں جو محنت اور جدوجہد کی ہے وہ لائق ذکر ہیں۔فکر انقلاب کا نیا شمارہ اکابر دارالعلوم دیوبند جلد دوم کی صورت میں منظر عام پر آیا۔ اس شمارے میں مولاناندیم الواجدی مدیر اعلیٰ ترجمان دیوبند کے 22مضامین اور معروف ادیب مولانا نسیم اختر شاہ قیصر کے 6مضمون شامل ہیں، ان دونوں حضرات کے مضامین پر میں نے اپنے دلی تأثرات پیش کئے ہیں اور اپنے خامہئ اثر سے ان مضامین کی خوبیوں اور امتیازات کو اُبھارا اور پیش کیا ہے۔ دونوں حضرات کی قلم وقرطاس سے وابستگی قدیم ہے اور دونوں ہی نے اپنے مخصوص اسلوب اور انداز میں ان شخصیات کے خدوخال نمایاں کئے ہیں۔
اس دوران معروف عالم دین مولانا ندیم الواجدی اور مولانا نسیم اختر شاہ قیصر نے مشترکہ طو رپر کہا کہ مولانا قاری ابوالحسن اعظمی نے فکر انقلاب میں شائع ہونے والے ہمارے مضامین پر جن خوبصورت اور فکرانگیز تأثرات کا اظہار کیا ہے اور جس طرح ہماری پذیرائی اور حوصلہ افزائی کی ہے اس کے لئے ہم ان کے ممنون ہیں۔ ان کی تحریروں نے جو انہوں نے ہرمضمون کے شروع میں لکھی ہیں اس سے مضامین کی قدر وقیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس حسن اخلاق اور اخلاص کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ یہ ان کی محبتوں کی سوغات ہے جسے ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر