Latest News

رمضان المبارک دعاؤں کی قبولیت کا سیزن ہے:مولانا سید ارشد مدنی، رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کو خشوع و خضوع کے ساتھ فرزندان توحید نے ادا کی نماز۔

رمضان المبارک دعاؤں کی قبولیت کا سیزن ہے:مولانا سید ارشد مدنی، رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کو خشوع و خضوع کے ساتھ فرزندان توحید نے ادا کی نماز۔
دیوبند: (سمیر چودھری)  
رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کی نماز دیوبند کی متعدد مساجد میں خشوع وخضوع کے ساتھ ادا کی گئی۔خوشگوار موسم کے دوران صبح سے ہی جمعہ کی تیاریاں دیوبند کی گلیوں میں نظر آرہی تھیں، ننھے بچے جمعہ کی نماز کے لیے تیار ہوکر گھروں سے نکل رہے تھے۔قرب وجوار سے آئے مسلمانوں نے نماز جمعہ سے قبل اور بعد میں دیوبند کے بازاروں سے خریداری کی۔
مرکزی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد انجمن فلاح المسلمین کے قومی صدر اور دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مولانا مفتی عارف قاسمی نے تیسرے عشرہ کے فضائل بیان کرتے ہوئے کہاکہ اس عشرہ میں شب قدہے اور اسی رات قرآن کریم کا نزول ہوا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم وہ آسمانی کتاب جس کے مکمل کرنے کو اللہ نے رمضان المبارک کے مہینہ کا انتخاب کیا اور اس مہینہ میں بھی آخری عشرہ کی طاق راتوں میں سے کسی ایک رات میں لو ح محفوظ سے دنیا میں اتار کرمکمل کیا۔ مفتی عارف قاسمی نے کہا کہ صدقہئ فطرکی اہمیت پر روشنی ڈالی ار کہاکہ رمضان کی آخری تاریخ میں یا یکم شوال کی رات میں پیدا ہونے والے بچہ کا صدقہ فطر دینا بھی لازم ہے۔ انھوں نے کہا کہ صدقہئ فطر انھیں لوگوں کو دیا جاسکتا ہے جن کو زکوۃ دینا جائز ہے۔ عید کی نماز سے پہلے صدقہئ فطر دینا بہتر ہے او ریکم شوال سے پہلے دینا بھی جائزہے، اگر یکم شوال کو نہیں دیا، تاخیر کردی تب بھی یہ ساقط نہیں ہوگا بعد میں ادا کرے۔
 دارالعلوم کی مسجد رشید میں جامع مسجد امروہہ کے استاد مفتی عفان منصورپوری نے نماز جمعہ ادا کرائی جس کے بعد جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے دعاء کی قبولیت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ دعاء کی قبولیت کا سیزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعاء قبول ہونے کی تین شرطیں ہیں۔ سب سے پہلے دعاء کی قبولیت کے لئے اللہ کے رسول ﷺ کی صورت وسیر ت دونوں کو اختیار کرنا، استغفار کی کثرت اور گناہوں سے توبہ یہ چیزیں دعاء کے قبول ہونے کا ذریعہ ہیں۔ مولانا مدنی نے کہا کہ اللہ کی قربت حاصل کرنے میں چندچیزوں کی ضرورت پڑتی ہے جب تک یہ چیزیں نہ ہوں قربت ِ خداوندی حاصل نہیں ہوسکتی (۱) ذکر اللہ۔ (۲) رزقِ حلال۔ تلاوت ِ کلام اللہ اور اپنے آپ کو گناہوں سے محفوظ کرنا، انھوں نے کہا کہ کوئی بھی دعا اور عبادت مقبول نہیں ہوسکتی جب تک کہ انسان اکل حلال پر قائم نہ رہے، ایک لقمہ بھی اگر حرام چلا گیا تو چالیس دن تک اس کی عبادتیں اور نیکیاں اس کے کسی کام آنے والی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ حلال کمائی کرنے والے اللہ کے یہاں پسندیدہ بندوں میں شمار ہوتے ہیں اور اللہ کے یہاں ان کی فوری طور پرسنوائی بھی ہوتی ہے، مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ذکر اللہ کے ذریعہ اپنے دلوں کو زندہ رکھو اور اللہ کی طرف متوجہ رہو جس دل میں ذکر اللہ نہیں ہوتا وہ دل مردار کی طرح ہوتا ہے، ذکر اللہ سے دل زندہ رہتا ہے، انھوں نے کہا کہ اپنے آپ کو گناہ سے محفوظ کرنا اپنے آپ کو برائی سے بچانا عبادت میں شمار ہوتا ہے۔ اللہ کی قربت حاصل کرنے میں انسان کو تھوڑی سی محنت کی ضرورت ہے اگر وہ ان چیزوں پر توجہ کرلے تو اللہ کے یہاں وہ مقرب بندہ بن جائے گا۔ 
دارالعلوم وقف دیوبند کی اطیب المساجد میں مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے نماز جمعہ ادا کرائی اور رمضان کے متعلق بیان کیا۔ اس کے علاوہ دیوبند کی دیگر مساجد میں بھی جمعہ کی نمازادا کی گئی، دیوبند میں قرب وجوار سے آئے ہوئے لوگوں نے نماز کے بعد خریداری بھی کی جس کی وجہ سے دیوبند کے بازاراور گلیاں پرُ رونق رہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر