جہانگیر پوری واقعہ کے بعد یوپی حکومت الرٹ، بغیر اجازت شوبھا یاترا اور لاؤڈاسپیکر کو لیکر دیوبند انتظامیہ بھی ہوئی سخت۔
دہلی کے جہانگیر پوری میں تشدد کے بعد اتر پردیش کی یوگی حکومت نے بغیر اجازت شوبھا یاترا اور دیگر مذہبی یاتراؤں پر پابندیاں عائد کرتے ہوئے نئی جگہوں پر لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی لگا دی،اس کو لیکر اب دیوبند انتظامیہ بھی سخت ہو گئی ہے۔نئے قوانین کے تعلق سے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے ایس ڈی ایم دیوبند نے کہا کہ بغیر اجازت کے کوئی جلوس یا یاترا نہیں نکالی جائیگی، ساتھ ہی لاؤڈ اسپیکر کا غیر قانونی استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ایس ڈی ایم دیوبند دیپک کمار نے آج وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے فیصلے کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کیا اور کہا کہ شہر میں بغیر اجازت کے کوئی جلوس نہیں نکلے گا اور ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ غیر روایتی یاترا کی اجازت قطعی نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بغیر اجازت جلوس نکالنے والوں کو جیل جانا پڑے گا۔ایس ڈی ایم دیپک کمار نے کہا کہ نئی جگہوں پر لاؤڈ سپیکر لگانے کے لیے اجازت ضروری ہے اور لاؤڈ سپیکر کا غیر قانونی استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔دیوبند کے ایس ڈی ایم نے تمام سرکلز کے پولیس تھانہ انچارجز اور سی اوز کو یہ نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس سلسلے میں حلقہ لیکھ پال کی طرف سے گاؤں کے پردھانوں کو بھی معلومات بھیج دی گئی ہیں۔واضح رہے کہ دہلی کے جہانگیرپوری میں حالیہ تشدد کے بعد اتر پردیش کی یوگی حکومت الرٹ ہوگئی ہے اور حکومت نے ضروری قدم اٹھاتے ہوئے نئی گائیڈ لائن جاری کی ہیں، جس کے بعد ضلع انتظامیہ کے ساتھ ساتھ دیوبند انتظامیہ سخت ہوگئی ہے ار ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔دیوبند کے ایس ڈی ایم دیپک کمار نے کہا کہ حکومت کے احکامات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
0 Comments