ماہ صیام کی آمد پر دیوبند کی رونقوں میں اضافہ، شہر کے مسلم محلوں میں سجی سحرو افطار کی کانیں۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
رحمت و برکت کے مہینہ ماہ صیام کی آمد کو لیکر مسلم معاشرہ میں کافی جوش خروش پایا جارہا ہے اور رمضان المبارک کی دستک سے شہرکے مسلم محلوں کی رونق میں اضافہ ہوتا جارہا ہے تووہیں رمضان المبارک کے پیش نظر سحر و افطار کی دوکانیں بھی سجنا شروع ہوگئی ہیں اور لوگ سحر و افطار کے لئے عمدہ اشیاء خوردنی کی خریدو فروخت میں مصروف ہیں۔
شہر کے مسلم علاقوں میں رحمتوں و برکت کے مقدس مہینے کی فیوض و برکات کی رونقیں نمایاں طور پر نظر آرہی ہیں اور شہر کے دارالعلوم چوک، اسلامیہ بازار، دیوان دروازہ، سرسٹہ بازار، ریتی چوک پٹھانپورہ، بھائیلہ روڈ،بس اسٹینڈ اور خانقاہ چوک وغیرہ میں روزہ داروں کے لئے خصوصی سحری کی اشیاء سوئیاں، پھینیاں، کھجلہ اور اسپیشل رمضان بریڈ کے علاوہ مختلف اقسام کی کھجوروں سے دوکانیں سج گئی ہیں۔ لوگ سحری کے سامان کے ساتھ افطار کے سامان کی بھی دل کھول کر خریداری میں مصروف ہیں۔ اتنا ہی نہیں روزمرہ کی استعمال شدہ اشیاء کی خریداری بھی آج کل زوروں پر ہے،جس کے سبب بازاروں میں پھل، سبزی اور راشن کی دوکانوں پر لوگوں کی خوب آمدو رفت نظر آرہی ہے۔
ماہ صیام کی نوید کے بعد جہاں شہر کی گلیاں گلزار ہوگئی ہیں وہیں تمام مساجد میں نماز تراویح کا بہتر بندوبست کیا جارہاہے اور حافظ قرآن مساجد،گھروں اور دوکانوں وغیرہ میں قرآن کریم سنانے کی تیاروں میں مصروف ہیں۔وہیں بڑھتی گرمی اور آسمان چھوتی مہنگائی کے باوجود روزہ داروں میں زبردست جوش و خروش پایا جارہاہے۔ لیکن میونسپل بورڈ انتظامیہ کی لاپرواہی اور صفائی ملازمین کی کوتاہی کے سبب رمضان المبارک کے موقع پر بھی شہر میں صفائی ستھرائی کا نظا م بہتر نہیں ہے،وہیں پانی سپلائی کانظام اس سے بھی کہیں زیادہ خراب ہے۔دیوبند کے کئی علاقوں میں گذشتہ کئی روز سے پیلے رنگ کا ریتیلا پانی آ رہا ہے، حالانکہ میونسپل بورڈ کے ذمہ داران کاکہناہے کہ مقدس مہینہ میں روزہ داروں کو بورڈ سطح پر کسی قسم کی دشوار ی پیش نہیں آنے دی جائے گی اور مساجد اور باالخصوص مسلم محلوں میں صفائی ستھرائی کرنے کی ملازمین کو سخت ہدایت دی گئی ہے۔
0 Comments