Latest News

رمضان المبارک کے دوسر ے عشرہ میں اپنی مغفرت کرائیں، ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے ماہ مقدس کے تینوں عشروں کی اہمیت وفضیلت پر روشنی ڈالی۔

رمضان المبارک کے دوسر ے عشرہ میں اپنی مغفرت کرائیں، ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے ماہ مقدس کے تینوں عشروں کی اہمیت وفضیلت پر روشنی ڈالی۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی رحمتوں،بخششوں اور مغفرت کا مہینہ ہے وہ لوگ خوش قسمت ہیں جنہوں نے اس مبارک ومقدس ماہ میں روزہ رکھ کر عبادت کرکے اللہ تعالیٰ کو راضی کیا کیونکہ یہ وہ مبارک مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب ستر گنا بڑھا دیتا ہے۔
رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کے اختتام پر ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے ماہ مقدس کے تینوں عشروں کی اہمیت وفضیلت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا پہلا عشرہ یعنی عشرہئ رحمت اختتام پذیر ہوا اور دوسرا عشرہ یعنی عشرہئ مغفرت کا آغاز ہوچکا ہے جو زندگی کے دوسرے مرحلہ کے لئے کار آمد ہے کیونکہ مغفرت کے اس عشرہ میں روزہ دار اپنے مالک حقیقی سے مغفرت طلب کرتا ہے تو اس کی دعاؤں کو قبول کرکے اللہ تعالیٰ جوشِ رحمت میں آکر اس کی مغفرت کردیتا ہے جس کے صلہ میں اس کو بعد از مر گ قبر میں راحت ملے گی۔
ڈاکٹر عبید اقبال نے کہا کہ ماہ ِ صیام مغفرت کا وہ عظیم الشان مہینہ ہے کہ جو شخص اس مہینہ کو پالینے کے بعد بھی مغفرت سے محروم رہ گیا اور انتہائی بدقسمت اور حرماں نصیب ہے۔انہوں نے بتایا کہ حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تین لوگوں کی دعائیں رد نہیں ہوتیں۔اول روزہ دار کی دعاء افطار کے وقت،دوسرے عادل بادشاہ کی اور تیسرے مظلوم شخص کی دعاء۔انہوں نے کہا کہ توبہ اور استغفار ماہ مبارک کے اہم ترین مقاصد میں سے ہے کیونکہ جو شخص توبہ واستغفار کرتا اور اپنی لغزشوں کے لئے معافی مانگتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی بخشش فرمادیتا ہے اسلئے رمضان المبارک میں ہر لمحہ توبہ واستغفار کرتے رہنا چاہئے۔سرکار دو عالمؐ نے فرمایا کہ اے مومنوں۔ تمہارے پاس رحمتوں، برکتوں اور بخششوں والا مہینہ ماہِ رمضان آگیا یہ برکتوں والا مہینہ ہے اس ماہ میں رحمتیں نازل کی جاتی ہیں اورگناہ بخش دئیے جاتے ہیں اور سب سے اہم یہ کہ اس ماہ مبارک میں دعائیں قبول ہوتی ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر