انتیسویں شب میں تکمیل قرآن کریم کے موقع پر پہنچے بڑی تعداد میں فرزندانِ توحید نے مانگی دعائیں، مولانا ارشد مدنی، مولانا محمود مدنی اور مفتی عفان منصورپوری نے کیا خطاب۔
دیوبند: رمضان المبارک کی 29ویں شب میں دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید، چھتہ مسجد اور مرکزی جامع مسجد میں دیہی علاقوں اور دور دراز کے مقامات سے پہنچنے والے ہزاروں افراد نے قرآن مجید کی تکمیل پر اللہ کے حضور ہاتھ اٹھا کر دعائیں مانگیں۔ اس دوران علمائے کرام نے لوگوں کو صراط مستقیم پر چلنے، اسلام کے مطابق زندگی گزارنے اور رمضان المبارک کے بقیہ وقت کی قدر کرنے کا مشورہ دیا۔
حسب روایت دارالعلوم دیوبند کی مساجد میں 29ویں شب میں قرآن پاک ختم ہوتا ہے اور نماز میں شرکت کے لیے دور دور سے لوگ بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ لیکن گزشتہ دو سالوں سے کووڈ کی وبا کی وجہ سے لوگ نماز کے لیے نہیں پہنچ سکے تھے، لیکن اس بار لوگوں کی بڑی تعداد نے یہاں پہنچ کر نماز ادا کی۔ ہفتہ کی دوپہر سے ہی روزے دار دعا کے لیے پہنچنا شروع ہو گئے اور بھاری بھیڑ کی وجہ سے دارالعلوم کے اطراف کی سڑکیں گھنٹوں جام رہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نماز کے بعد بازاروں میں لوگوں نے زبردست عید کی خریداری کی۔
ہفتہ کی رات جمعیۃ علماء ہند کے سربراہ مولانا سید ارشد مدنی نے مسجد چھتہ میں خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو صراط مستقیم پر چلنے کی تلقین کرتے ہوئے حالات سے واقف کرایا اور اللہ سے تعلق مضبوط کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں رمضان کے باقی ماندہ اوقات کا احترام کرنا چاہیے اور رمضان کی طرح سال بھر اللہ کو راضی رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ حافظ عبدالرحمن مدنی اور حافظ خبیب مدنی نے چھتہ مسجد میں قرآن پاک کی تکمیل کی۔
جبکہ دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید، جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ مولانا محمود مدنی کے فرزند مولانا حسین مدنی نے نماز تراویح میں قرآن پاک کی تکمیل کی۔ اس دوران مولانا محمود مدنی نے ملک اور پوری دنیا میں امن و امان کی دعا کی، ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اسلام کے امن کے پیغام کو لوگوں تک پہنچائیں تاکہ ملک میں امن، بھائی چارہ اور اتحاد کو مضبوط کیا جا سکے۔
مولانا مفتی عفان منصورپوری نے مرکزی جامع مسجد میں نماز تراویح میں ختم قرآن پاک کے بعد دعا کرائی جس میں شہر کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران مفتی عفان منصورپوری نے رمضان المبارک اور قرآن پاک کی اہمیت پر اپنا بیان دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ برائیوں کو چھوڑ کر نیکی کی راہ پر چلیں اور قرآن کے مطابق اپنی زندگی بسر کریں۔ دارالعلوم دیوبند کی مسجد قدیم میں مولانا از ہد مدنی نے قرآن پاک کی تکمیل کی۔
سمیر چودھری۔
0 Comments