Latest News

ملی کونسل کے وفد کی پٹاخہ فیکٹری متاثرین سے ملاقات، متاثرین سے اظہار ہمدردی کے ساتھ حکومت سے امداد کا مطالبہ۔

ملی کونسل کے وفد کی پٹاخہ فیکٹری متاثرین سے ملاقات، متاثرین سے اظہار ہمدردی کے ساتھ حکومت سے امداد کا مطالبہ۔
سہارنپور: (سمیر چودھری)
آل انڈیا ملی کونسل ضلع سہارنپور کے ایک وفد نے ضلع صدر ملی کونسل سہارنپور مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی کی قیادت میں سلیم پور سرساوہ اور بلونت پورگاو ں کا دورہ کیا اور سرساوہ پٹاخہ فیکٹری حادثہ میں جاں بحق ہوئے لوگوں کے اہل خانہ سے ملاقات کر انکا درد جانا اور رنج و غم کا اظہار کیا ۔قابل ذکر ہے کہ سہارنپور میں پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں بارود کے پھٹنے سے زبردست آگ لگ تھی اور اس المناک و دردناک حادثے میں پانچ لوگوںافراد کی موت ہوگئی تھی۔
مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والے سوگوار کنبوں کے ساتھ یکجہتی و ہمدردی کی۔انسا نوں سے پیار و محبت اور ضرورت مند انسا نوں کی مددکے عمل کو ہر دین اور مذہب میں تحسین کی نظر سے دیکھا جا تا ہے لیکن دین اسلام نے خدمت ِ انسا نیت کو بہترین اخلا ق اور عظیم عبادت قرار دیا ہے۔حدیث میں آتا ہے کہ مخلوق اللہ کا کنبہ ہے اور وہ شخص اللہ کو زیادہ محبوب ہے جوا س کے کنبے کے لئے زیادہ مفید ہو۔“اسی طرح اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دوسری جگہ فرمایا کہ لوگوں میں سے اللہ کے یہاں سب سے پسندیدہ وہ ہیں جو انسانوں لئے زیادہ نفع بخش ہوں۔خدمت انسانیت میں مسلم اور غیر مسلم میں فرق نہیں۔اگر کوئی غیر مسلم بھی ہمدردی اور مدد کا مستحق ہو تو اس کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے کہ وہ بھی اللہ کابندہ ہے۔
بعد ازاں انھوں نے مرنے والوں کے لواحقین اور زخمیوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے تمام جائز مطالبات کے لئے ملی کونسل آپ کے ساتھ کھڑی ہے، نیز مولانا نے ہلاک ہونے والوں کے خاندان کی حکومت سے بھرپور مدد کرنے کی گزارش کی اور حکومت سے زخمیوں کا حکومتی خرچ پر علاج کروانے کی اور بہترین طبی سہولیات فراہم کئے جانے کی اپیل کی۔وفد میں جمعیۃ علماء ہند کی مجلس منتظمہ کے رُکن مولانا شمشیر الحسینی ناظم جامعہ دعوة الحق معینیہ چرھو، قاری جنید، پردھان ذوالفان سلیم پور، چودھری مرسلین، ہاشم چودھری، قاری وسیم رحمتی، قاری بابر، ابصار احمد رحمتی، حافظ عبدالقادر، حافظ احکام رحمتی، اظہر حسین رحمتی،محمد انم وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر