Latest News

صحافت رائے عامہ کی ترجمان اور عکاس ہوتی ہے، ممتاز احمد کی رہائش گا ہ پر منعقد اعزازی تقریب میں ڈاکٹر انور سعید کا خطاب۔

صحافت رائے عامہ کی ترجمان اور عکاس ہوتی ہے، ممتاز احمد کی رہائش گا ہ پر منعقد اعزازی تقریب میں ڈاکٹر انور سعید کا خطاب۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
گزشتہ شب دیوبند کے سینئر صحافی ماسٹر ممتاز ملک کی رہائش گاہ پر ”صحافت اور ہماری ذمہ داری“ کے عنوان سے ایک پروگرام کا انعقاد کیاگیا جس میں شہر کے صحافیوں کے علاوہ سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ اس دوران روزنامہ” ویر ارجن“ کے انچارج ممتاز احمد ملک نے شہر کے صحافیوں اور سرکردہ افراد کو ان کی خدمات کے پیش نظر ”ویر ارجن ایوارڈ “دے کر اعزاز سے نوازا۔ 
اس موقع پر پروگرام کے مہمان خصوصی اور جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے صحافت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں صحافیوں کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر صحافی اپنے حصہ کی ذمہ داری کو صحیح طریقہ سے ادا کرے تو ملک اور سماج ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک عظیم مشن ہے۔ صحافت رائے عامہ کی ترجمان اور عکاس بھی ہوتی ہے اور رائے عامہ کی رہنمائی کے فرائض بھی سرانجام دیتی ہے۔ عوام کی خدمت اس کا مقدس فرض ہے۔ اس لیے صحافت معاشرے کے ایک اہم ادارے کی حیثیت رکھتی ہے۔صحافت کے شعبے میں دیانتدار، ایماندار اور اپنے پیشے کے ساتھ انصاف کرنے والے صحافیوں کی ہر گز کمی نہیں، انہوںنے شہر کے صحافیوں کی خدمات کی تعریف کی۔ 
سماجی تنظیم ”مانو کلیان منچ “ کے بانی ارون اگروال نے صحافت کو سماج کا آئینہ بتاتے ہوئے کہا کہ اس وقت صحافیوں کے لئے بھی کام کرنا کافی مشکل ہوگیا ہے لیکن ایسے حالات میں جو سچی اور صحیح صحافت کررہے ہیں ، ایسے صحافیوں کو اعزاز دے کر ان کی حوصلہ افزائی کرنا بہت ضروری ہے۔ ارون اگروال نے صحافتی میدان میں ممتاز احمد کی خدمات کی تعریف کی۔ 
معروف شاعر ڈاکٹر شمیم دیوبندی اور صحافی رضوان سلمانی نے کہا ہے کہ صحافیوں کی محنت پورے سماج کے لئے شاندار ہے ، صحافی سماج کے لئے کام کرتے ہیں ، قوم اور عام آدمی کی آواز کو ایوانوں تک پہنچاتے ہیں اور ساتھ ہی صحافی سماج میں بیداری پیدا کرتے ہیں ۔ ہمیں سچے صحافیوں او ر شفاف صحافت کی قدر کرنی چاہئے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر انور سعید، ارون اگروال، ڈاکٹر شمیم دیوبندی، محمد عارف کو ان کی سماجی خدمات کے پیش نظر جب کہ اطہر عثمانی، رضوان سلمانی، مشرف عثمانی، معین صدیقی، فہیم عثمانی، آباد علی شیخ، نوشاد عثمانی، فہیم صدیقی، عارف عثمانی، سمیر چودھری، مہتاب آزاد، اوم بیر سنگھ وغیرہ صحافیوں کو ”ویر ارجن“ ایوارڈ سے نوازا گیا، آخر میں پروگرام کے کنوینر ممتاز احمد ملک نے سبھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک مشکل اور کانٹوں بھرا راستہ ہے لیکن ہمیں اس کے ذریعہ سماج اور ملک کی خدمت کا سیدھا اور صحیح راستہ نکالنا ہے۔ پروگرام کی صدارت ارون اگروال نے کی اور نظامت آباد علی شیخ نے انجام دی۔ اس دوران فیصل نور شبو، سمیر نور، محمد نوید وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر