Latest News

ماحول خراب کرنے والے غیر سماجی عناصر کودیاگیا سخت انتباہ، گزشتہ جمعہ کو کانپور تشدد کے بعد انتظامیہ و اعلیٰ افسران مستعد، آئی جی کی قیادت میں دیوبند میں نکالا گیا فلیگ مارچ۔

ماحول خراب کرنے والے غیر سماجی عناصر کودیاگیا سخت انتباہ، گزشتہ جمعہ کو کانپور تشدد کے بعد انتظامیہ و اعلیٰ افسران مستعد، آئی جی کی قیادت میں دیوبند میں نکالا گیا فلیگ مارچ۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
پیغمبر اسلام حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق دیئے گئے متنازعہ بیان کو لے کر کانپور میں گزشتہ جمعہ کی نماز کے بعد بگڑے حالات کو دیکھتے ہوئے اس مرتبہ انتظامیہ پوری طرح سے مستعد ہے۔ آج شام آئی جی پریت اندرسنگھ کی قیادت میں شہر میں فلیگ مارچ نکالا گیا۔ تفصیل کے مطابق آج شام دیوبند تھانہ میں اخبار نویسو ںسے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پریت اندرسنگھ نے کہا کہ بھارت بند کی کال اپیل کے بعد لگاتار انتظامیہ مذہبی رہنماﺅں کے رابطے میں ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ کسی بھی شخص کو ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانونی طریقہ سے جسے بھی اپنی بات کہنی ہے وہ پرامن طریقہ سے میمورنڈم کے طو رپر کہہ سکتا ہے۔ انہو ںنے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ریاست اور ضلع کاماحول خراب کرنے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف چاہے وہ کوئی بھی ہو سختی کے ساتھ پیش آیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آپسی بھائی چارہے اور محبت سے رہیں ، افواہوں پر توجہ نہ دیں، علاقہ کے لوگ صدیوں سے امن اوربھائی چارے کے ساتھ رہتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کو خیرسگالی کو ٹھیس پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ علاقہ میں امن وامان برقرار رکھنے میں تعاون کرنے کے ساتھ سماج دشمن عناصر کی اطلاع دینے کی بھی اپیل کی گئی، اس کے ساتھ ہی انہو ںنے واٹس اپ گروپ میں کسی بھی قسم کی قابل اعتراض پوسٹ کرنے سے گریز کرنے کی تنبیہ دی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہماری نگاہیں ہیں جو بھی شخص ماحول خراب کرنے کی یا مشتعل پوسٹ ڈالنے والوں پر سائبر کرائم نظر رکھے ہوئے ہے اور کچھ ایسے لوگوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ پوری انتظامیہ عوام کے ساتھ ہے ، کسی بھی شرپسند عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں کیوں کہ بہت سے لوگ جان بوجھ کر بہکانے کی اور مشتعل کرنے کی کوشش کریں گے، اس سے ہم لوگوں کو بچنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فلیگ مارچ کے سلسلہ میں کہا کہ آج کا یہ فلیگ مارچ اس لئے نکالا گیا ہے تاکہ لوگ مطمئن رہیں کہ انتظامیہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم لوگ برابر عوام کو سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔
بعد ازاں آئی جی پریت اندر سنگھ کی قیادت میں تھانہ دیوبند سے فلیگ مارچ شروع ہوکر ایم بی ڈی چوک، مین بازار، محلہ سرسٹہ، دارالعلوم چوک، محلہ خانقاہ، عیدگاہ روڈ ، بیرون کوٹلہ، پٹھانپورہ، وغیرہ علاقوںمیں فلیگ مارچ نکالا گیا۔ اس موقع پر ایس پی دیہات سورج رائے، ایس ڈی ایم دیپک کمار اور سی او رام کرن سنگھ، تھانہ انچارج سمیت پولیس فورس موجود رہی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر