Latest News

’آزادی امرت مہاتسو‘ میں تعاون کے لئے دارالعلوم دیوبند پہنچے اعلیٰ افسران، ذمہ داران نے کرائی بھرپور تعاون کی یقین دہانی، بتایا دارالعلوم کے قیام کا مقصد ہی ملک کی آزادی تھا۔

آزادی امرت مہاتسو‘ میں تعاون کے لئے دارالعلوم دیوبند پہنچے اعلیٰ افسران، ذمہ داران نے کرائی بھرپور تعاون کی یقین دہانی، بتایا دارالعلوم کے قیام کا مقصد ہی ملک کی آزادی تھا۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
آزادی کی 75ویں سالگرہ پر ملک بھر میں منائے جانے والے آزادی کے امرت مہا اتسو ”ہر گھر ترنگا“ پروگرام کے تحت سہارنپور کے ضلع مجسٹریٹ اور ایس ایس پی نے عالمی شہرت یافتہ ادارہ دارالعلوم دیوبند پہنچ کر مہا اتسو پروگرام میں تعاون کرنے کی اپیل کی اس دوران دارالعلوم انتظامیہ نے اعلیٰ افسران کو بھر پور تعاون کئے جانے کی یقین دہانی کرائی۔
ہفتہ کی دوپہر دارالعلوم پہنچے ضلع مجسٹریٹ اکھیلیش سنگھ اور ایس ایس پی ڈاکٹر وپن ٹاڈا کا ادارہ کے قائم مقام مہتمم مولانا عبد الخالق مدراسی اور نائب مہتمم مفتی راشد اعظمی نے مہمان خانہ میں ان کا استقبال کیا۔اس دوران ضلع مجسٹریٹ اکھیلیش سنگھ نے کہا کہ آزادی 75ویں برسی پر پورے ملک میں آزادی امرت مہا اتسو کے تحت 11 اگست سے 17 اگست تک ”ہر گھر ترنگا“ پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں دارالعلوم دیوبند جیسے عالمی شہرت یافتہ ادارہ سے پورے تعاون کی امید کی جاتی ہے جس سے عوام میں حب الوطنی کے جذبات کو ابھارا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند کا پیغام پوری دنیا میں جاتا ہے اور یہاں سے اٹھنے والی ہر آواز کو بڑی اہمیت کے ساتھ سنا جاتا ہے اس لئے دارالعلوم دیوبند کو اس مہم میں بھی بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔
اس پر دارالعلوم دیوبند کے قائم مقام مہتمم مولانا عبد الخالق مدراسی نے بتایا کہ دارالعلوم دیوبند کے قیام کا مقصد ہی ملک کی آزادی تھا۔ دارالعلوم دیوبند میں ہمیشہ حب الوطنی کا پیغام دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی لڑائی دارالعلوم دیوبند اور دیوبندی علماء نے اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے افسران کو بتایا کہ آزادی کے وقت ریشمی رومال کی تحریک دارالعلوم دیوبند کے ہی شیخ الہند مولانا محمود الحسن دیوبندیؒ نے شروع کی تھی اور شیخ الہند و شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی ؒجیسے اکابر ملک کی آزادی کے خاطر سالوں مالٹا کی جیل میں قید رہے ہیں۔ مولانا عبد الخالق مدراسی نے حکومت وانتظامیہ کی اس مہم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم دیوبند کی جانب سے اس مہم میں بھر پور تعاون کیا جائے گا اور ساتھ ہی اس سلسلہ میں ادارہ کی جانب سے اپیل جاری کرکے مسلمانوں سے آزادی کے اس مہا اتسو میں جوش وخروش کے ساتھ حصہ لینے کی اپیل کی جائے گی۔
نائب مہتمم مولانا مفتی راشد اعظمی نے افسران کو دارالعلوم دیوبند کی تاریخ کے بارے میں بتایا اور کہا کہ دارالعلوم دیوبند کی ملک کی آزادی میں بڑی قربانیاں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسلامی دنیا میں اس ادارہ ترجیح دی جاتی ہے۔ اس دوران ایس ایس پی ڈاکٹر وپن ٹاڈا نے کہا کہ انہوں نے دارالعلوم دیوبند کے بارے میں بہت کچھ سنا اور پڑھا تھا بڑے دنوں سے یہاں آنے کی تمنا تھی۔ انہوں نے دارالعلوم دیوبند کے نظام، صاف صفائی اور تاریخ کی تعریف کی۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم دیوبند دیپک کمار، سی او رام کرن سنگھ، تھانہ انچارج پربھاکرکینتورا، نگر پالیکا ای اوڈاکٹر دھریندر کمار رائے، مسلم فنڈ ٹرسٹ کے جنرل منیجر سہیل صدیقی، عید گاہ کے سیکرٹری محمد انس صدیقی، مولانا اسجد قاسمی، مہمان خانہ کے ناظم مولانا مقیم الدین، اور مفتی ریحان قاسمی وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر