Latest News

دین اسلام کی ترویج و اشاعت میں خواتین کا کردار سنہری حروف سے لکھنے لائق، معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند کے شعبہ افتاء سے فارغ ہونے والی طالبات سے مولانا ندیم الواجدی کا خطاب۔

دین اسلام کی ترویج و اشاعت میں خواتین کا کردار سنہری حروف سے لکھنے لائق، معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند کے شعبہ افتاء سے فارغ ہونے والی طالبات سے مولانا ندیم الواجدی کا خطاب۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات کے شعبہ افتاءسے فارغ ہونے والی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین مولانا ندیم الواجدی نے کہاکہ دین اسلام کی اشاعت وترویج میں عورتوں کا کردار سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔ مولانا واجدی نے کہا کہ حضرت عائشہ صدیقہ ؓ فقیة الامت اور مکثرین صحابیات میں سے ہیں آپ سے تقریباً دو ہزار کے قریب احادیث مروی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کچھ اسلام دشمن افراد حضرت عائشہ صدیقہؓ کی شادی کو لیکر اعتراض کرتے ہیں سمجھ نہیں آتا جب مسلمان کسی مذہب کے پیشواﺅں اور معبودوں کے سلسلے میں قابل اعتراض تبصرے نہیں کرتے تو اسلام اور اسلامی تعلیمات پر اس طرح کے تبصرے کیوں کئے جاتے ہیں ،ہمارے لئے اور اس ملک کے لئے یہ تکلیف دہ اور افسوس کا مقام ہے کہ یہاں ایسے عناصر پر کوئی کارروائی نہیں ہو تی، جو اسلام کے مقدسات پر گھٹیا تبصرہ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا اسی کے ساتھ ہم جذبات میں آکر قانون کو ہاتھ میں لےنے کی بھی مذمت کرتے ،ادے پور میں ہوا واقعہ قابل مذمت اور افسوس ناک ہے حکومت کو چاہئے کہ قانون کی بالادستی کے قائم کرنے کے لئے ایسے واقعات کے مجرمین کو سخت سزا دے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ مذہبی شخصیات پر توہین آمیز تبصرہ اور ادے پور جیسے واقعات دوبارہ پیش نا آئیں۔انہوں نے دارالافتاءسے فارغ ہونے والی طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ فتوی دینا یا مسئلہ بتانا انتہائی اہم ذمہ داری ہے، علماءاسلام نے اس سلسلے میں انتہائی احتیاط سے کام لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپ فتویٰ دینے والے کو مستفتی کے ساتھ اپنی آخرت کی بھی فکر کرنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ آپ حضرات فقہ وفتاویٰ کی کتابوں کے مطالعہ کو اپنے لئے لازم کرلیں تاکہ آپ کا علمی وقار بلند ہوسکے اور خواتین اپنے مسائل کے لئے آپ سے رجوع کریں۔مولانا ندیم الواجدی نے مزید کہا کہ معہد عائشہ صدیقہ نے جو علمی ترقیات کی ہیں وہ ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے، ہمارے یہاں سے فارغ ہونے والی طالبات نے ملک کے طول وعرض میں تقریباً دو سو سے زائد مدارس قائم کئے ہیں جن کے ذریعہ وہ اشاعت اسلام اور ترویج دین کی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس موقع پر معہد عائشہ الصدیقہ ؓ قاسم العلوم للبنات دےوبند کے اساتذہ مفتی محمد شاکر اور مفتی معراج نے اپنے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے تکرار ومطالعہ کو جاری رکھیں۔ انہوں نے طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے تقوی وللہیت کی نصیحت کرتے ہوئے اعمال صالحہ کو اپنی زندگیوں میں اتارنے اور دوسروں کو عمل کی طرف راغب کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر مولانا محمد رضوان قاسمی اور مولانا محمود الرحمن کے علاوہ معہد کی تمام معلمات اور طالبات کے اہل خانہ موجود رہے۔آخر میں مفتی محمد معراج قاسمی کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر