Latest News

ادے پور واقعہ کے لئے راست طورپر بی جے پی ذمہ دار، مولانا مسعود مدنی بہوجن مکتی پارٹی کے قومی نائب صدر منتخب،نوپور شرما کی گرفتار کی مانگ۔

ادے پور واقعہ کے لئے راست طورپر بی جے پی ذمہ دار، مولانا مسعود مدنی بہوجن مکتی پارٹی کے قومی نائب صدر منتخب،نوپور شرما کی گرفتار کی مانگ۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
اتراکھنڈ کی این ڈی تیواری حکومت میں ریاستی وزیر رہے اورجمعیة علماءہند کے قومی صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی کے چھوٹے بھائی مولانا مسعود مدنی آج بہوجن مکتی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہیں پارٹی کا قومی نائب صدر منتخب کیاگیاہے۔اس دوران ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مولانا مسعود مدنی نے بی جے پی حکومت پر شدید حملہ کیا اور ادے پور واقعہ کے لئے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اس کی اعلیٰ سطحی جانچ کامطالبہ کیا۔ 
آج بہوجن مکتی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری چودھری مہربان علی نے تلہیڑی چنگی پرواقع مولانا مسعود مدنی کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک پروگرام میں مولانا مسعود مدنی کو پارٹی کے قومی نائب صدر کے عہدہ کا تقرری نامہ سونپا۔ اس دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانامسعود مدنی نے بی جے پی حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے ملک کی پر امن فضا کو خراب کرنے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ بی جے پی کے ذریعہ ملک میں نفرت کا ماحول بنایا جارہاہے ،جس سے ملک کمزور ہو رہا ہے۔ بی جے پی کے وزراءاور لیڈر اشتعال انگیز بیانات دے کر ملک میں مسلسل نفرت پھیلا رہے ہیں اور حکومت اسے روکنے میں ناکام ہے۔ ادے پور واقعہ کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ پیغمبر اسلام کی توہین کرنے والوں کو گرفتار نہیں کیا جارہاہے۔انہوںنے کہاکہ ادے پور واقعہ کے ملزمان کی تصویریں بی جے پی کے لیڈران کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں،جس سے اس واقعہ کا بی جے پی کا کنکشن صاف ظاہر ہورہاہے۔انہوں نے شان رسالت میں گستاخی کرنے والی نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کی شہ پر ہی پولیس نوپور شرما کو گرفتار نہیں کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں متحد ہوکر ملک کے امن وسلامتی اور بھائی چارہ کو مضبوط بناناہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہوجن مکتی پارٹی میں شامل ہونے کا ان کا مقصد ملک میں بھائی چارہ اور اتحاد کو مضبوط کرنا ہے۔اس موقع پر بہوجن مکتی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری چودھری مہربان علی نے کہا کہ ہم ملک کے آئین کو بچانے اور ملک کے بھائی چارے کو مضبوط کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن کو آگے بڑھانے کے لیے مولانا مدنی کو بھی ہم نے اپنے ساتھ شامل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوپور شرما کے حوالے سے سچائی سامنے لانے والے صحافیوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ بی جے پی کے وزراءاور لیڈر ملک کا ماحول خراب کرنے کے لیے مسلسل اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں، جن پر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ادے پور واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہوں نے قصورواروں اور نوپور شرما کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا اور اہل وطن سے ملک کی بھائی چارہ مضبوط بنانے کی اپیل کی۔اس موقع پر بی ایم پی کے ریاستی صدر ای ڈی پی سنگھ، ضلع صدر محکم سنگھ، رام پور منیہارن اسمبلی صدرراج کمار بودھ، نفاست خان بابا، ڈاکٹر یونس، راجندرآڑھتی اور نیرج دھیمان سمیت پارٹی کارکنان موجود تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر