Latest News

دیوبند فلائی اوور پر دوڑتی ایمبولینس میں اچانک لگی آگ، فائر بریگیڈ نے آگ پر پایا قابو، راکیش ٹکیت کاقافلہ بھی رکا رہا۔

دیوبند فلائی اوور پر دوڑتی ایمبولینس میں اچانک لگی آگ، فائر بریگیڈ نے آگ پر پایا قابو، راکیش ٹکیت کاقافلہ بھی رکا رہا۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
گزشتہ دیر رات دیوبند فلائی اوور پر دوڑ رہی ایمبولینس اچانک آگ کا گولہ بن گئی ۔ڈرائیور نے کود کر کسی طرح اپنی جان بچائی حالانکہ اچانک ہوئے اس حادثہ کے سبب جی ٹی روڑ پر چل رہے راہ گیروں میں افرا تفری مچ گئی اور ایمبولینس کے پیچھے گاڑیوں کی لمبی قطار لگ گئی ۔اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر برگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پایا ۔ہائی وے سے گزر رہے بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے آگ بجھانے میں مدد کی ان کا قافلہ بھی تقریباً آدھے گھنٹے تک فلائی اوور پر روکا رہا ۔موصلہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ دیر رات سہارنپور کو مریض کو چھوڑ کر فلائی اوور کے اوپر سے واپس مظفرنگر جارہی ایک ایمبولینس جیسے منگلور چوکی کے نزدیک پہنچی تو اچانک تیز رفتار ایمبولینس میں آگ لگ گئی ۔ڈرائیو ر اور اس کے ہیلپر نے سمجھ داری کا ثبوت دکھاتے ہوئے گاڑی کو روک دیا اور اس سے کود گئے دیکھتے ہی دیکھتے ایمبولینس آگ کا گولہ بن گئی ۔ایمبولینس میں زبردست آگ لگی ہوئی تھی جس کے سبب کوئی اس کے پاس تک جانے کی ہمت نہیں کرپارہا تھا۔اس حادثہ کی اطلاع فوراً فائر برگیڈ اور پولیس کو دی گئی ۔موقع پر پہنچی فائر برگیڈ کی ٹیم نے آگ پر قابو پایا اور پولیس معاملہ کی تفتیش میں لگ گئی ۔اس سلسلہ میں تھانہ انچارج پربھاکر کینتوا نے بتایا کہ فلائی اوور پر چلتی ایمبولینس میں اچانک شارٹ سرکٹ کے سبب آگ لگ گئی گاڑی پوری طرح سے جل کر راکھ ہوگئی ہے ۔فلائی اوور پر ایمبولینس میں لگی آگ کے سبب تقریباً آدھے گھنٹے تک فلائی اوور پر جام کی صورت حال بنی رہی ۔اسی دوران وہاں سے گزر رہے بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت کا قافلہ بھی کافی دیر تک روکا رہا موقع پر موجود راکیش ٹکیت نے بھی آگ بجھانے میں تعاون کیا ۔ایمبولینس میں زبردست آگ لگنے کے سبب موقع پر افرا تفری مچی رہی حالانکہ غنیمت یہ رہی کہ کوئی بڑا حادثہ ٹل گیا جس کے بعد افسران نے بھی راحت کی سانس لی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر