Latest News

حکومت کی جانب سے شیخ الہند ؒ کے ورثاءکودیا گیا خصوصی اعزاز، آزادی امرت مہوتسو کے تحت دیوبند کے مجاہدین آزادی کے وارثین کو اعزازسے نوازا۔

حکومت کی جانب سے شیخ الہند ؒ کے ورثاءکودیا گیا خصوصی اعزاز، آزادی امرت مہوتسو کے تحت دیوبند کے مجاہدین آزادی کے وارثین کو اعزازسے نوازا۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر امرت مہاتسو کے تحت حکومت کی ہدایت پر آج شہر کے مجاہدین آزادی کے اہل خانہ اور سینئر سٹیزن کے گھروں پر جاکر انتظامیہ کے افسران کی جانب سے انہیں اعزاز سے نوازا گیا ۔امرت مہاتسو کے تحت ایس ڈی ایم دیوبند دیپک کمار ،سی او رام کرن سنگھ اور نگر پالیکا ای او ڈاکٹر دھریندر کمار رائے نے مجاہدین جنگ آزادی کے اہل خانہ کو ان کے گھروں میں جاکر اعزاز سے نوازا۔محلہ ابو المعالی میں میں واقع ریشمی رومال تحریک کے بانی مشہور مجاہد آزادی حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندیؒ کے خاندانی وارث حاجی ریاض محمود، مجاہد جنگ آزادی کے مولانا راشد عثمانیؒ کے سب سے چھوٹے بیٹے اور سینئر صحافی اشرف عثمانی کو اعزاز سے نوازا گیا ۔اس دوران اشرف عثمانی نے بتایا کہ شیخ الھند حضرت مولانا محمود الحسن نوراللہ مرقدہ کے برادر زادے معروف مجاہد آزادی مولانا راشد حسن عثمانی رحمتہ اللہ علیہ کا نام نامی جانباز مجاہدین آزادی کی تاریخ میں سر فہرست آتا ہے۔”شیر دیوبند“ کے لقب سے مشہور مولانا راشد حسن عثمانی کم عمری سے ہی جدو جہد آزادی کی تحریک میں شریک ہوگئے اور 1929 میں گاندھی جی کی ”ڈانڈی مارچ “میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔1930 ''میں سول نافرمانی'' کی علاقائی قیادت کی جسکی پاداش میں انکی گرفتاری عمل میں آئی۔اس دوران نینی جیل میں فروز گاندھی اور دیگر مجاہدین کے ساتھ مولانا نے قید وبند کی زندگی گزاری۔1930 سے 1946 تک مولانا کئی بار بغاوت کے الزام میں جیل گئے۔مولانا راشد حسن عثمانی کا شماراپنے دور کے شعلہ بیان مقررین میں ہوتا ہے حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی سے ان کو خاص نسبت تھی۔دونوں ہی آستانہ شیخ الھند کے تربیت یافتہ مجاہد تھے۔مولانا راشد حسن نے آزادی ¿وطن کے بعد گرچہ عملی سیاست سے کنارہ کرلیا تھا تاہم قومی خدمتگار کے طور پر جمعیة علماءہند کے ساتھ مصروف عمل رہے۔1969 میں انہوں نے دارفانی سے کوچ کیا۔مولانا مرحوم کے سب سے چھوٹے فرزند اشرف عثمانی کوآزادی کے امرت مہاتسو کے موقع پر حکومت کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا۔ان کے علاوہ علامہ انور صابری کی اہلیہ آمنہ خاتون جبکہ جنگ مجاہد آزادی دلیپ سنگھ تیاگی ،وشمبر دیو شاستری کے اہل خانہ کو اعزاز سے نوازا اور ملک کے لئے ان کی جانب سے دی گئی قربانیوں کی تعریف کی ۔اس کے علاوہ سبھی وارڈروں کے سنیئر سٹیزنوں کو بھی افسران کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا ۔اس موقع پرایس ڈی ایم دیوبند نے کہا کہ ہم لوگ ان کو اعزاز دیکر فخر محسوس کررہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ شہر دیوبند میں 6افراد مجاہدین آزادی کے وارثین ہیں ۔انہوں نے سب لوگوں کے گھر گھر جاکر انہیں اعزاز سے نوازا ہے اور ساتھ ہی جو سنیئر سٹیزن ہیں انہیں بھی گھر جاکر اعزاز دے رہے ہیں ۔اس موقع پر چندریکا پرساد،فہیم نمبر دار ،روندر کمار،سید حارث،پوپن کمار،محمد اکبروغیرہ موجود ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر