Latest News

پبلک گرلز انٹر کالج میں یک روزہ تعلیمی ورکشاپ کا انعقاد، آئی اے ایس،آئی پی ایس، میڈیکل، انجینئرنگ جیسے امتحانات کی تیاری کرانا ہمارے مقاصد میں شامل: اسرار احمد ٹرینٹر۔

پبلک گرلز انٹر کالج میں یک روزہ تعلیمی ورکشاپ کا انعقاد، آئی اے ایس،آئی پی ایس، میڈیکل، انجینئرنگ جیسے امتحانات کی تیاری کرانا ہمارے مقاصد میں شامل: اسرار احمد ٹرینٹر۔
دیوبند: فہیم صدیقی۔
دیوبند کے معروف عصری تعلیم کے ادارہ پبلک گرلز انٹر کالج میں ممبئی کے تعلیمی ٹرسٹ راجہ رہبر اسرار یونیورسل فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ایک روزہ تعلیمی ورکشاپ منعقد ہوا۔
شیخ الہند ہال میں منعقدہ اس تعلیمی ورکشاپ کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت نبیؐ سے ہوا۔نظامت کے فرائض زینب سنبل نے انجام دئیے۔بعد ازاں پروگرام کے مہمان خصوصی،ماہرتعلیم نیز راجہ رہبر اسرار یونیورسل فاؤنڈیشن (آر آر یو ایف) کے روح رواں اور جنرل سکریٹری وٹرینر اسرار احمد نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دور جدید میں اعلیٰ تعلیم ہی کامیابی کی کلید ہے ہماری تنظیم کے اہم مقاصد میں تعلیم کا فروغ ہائر ایجوکیشن کے لئے طلبہ وطالبات کو راغب کرنا اور زندگی میں کچھ کرگذرنے کا جنون پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس، آئی پی ایس، میڈیکل، انجینئرنگ جیسے امتحانات کی تیاری کرانا ہمارے اہم مقاصد میں شامل ہے تاکہ نسل نو اعلیٰ تعلیم یافتہ ہوکر انجینئر، ڈاکٹر، سائنسداں، پروفیسر اور اعلیٰ افسران کے عہدوں پر فائز ہوکر خدمت خلق انجام دے سکیں۔انہوں نے بتایا کہ اگر طلبہ وطالبات اس جانب راغب ہوتے ہیں اور والدین اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں تو ان کی تنظیم دیوبند میں ایک کوچنگ سینٹر قائم کرکے تعلیمی خدمات انجام دینے کے لئے تیار ہے۔اسرار احمد نے بتایا کہ اس طرح کی کوچنگ لاکھوں روپے خرچ کرکے حاصل کی جاتی ہے لیکن ان کی تنظیم خدمت خلق اور تعلیم کے فروغ کے جذبہ سے یہ کار خیر چند ہزار روپے میں ہی انجام دے گی۔انہوں نے بتایا کہ دیوبند اور آس پاس کے علاقوں کے تعلیمی اداروں میں دس دس دن کے ورکشاپ منعقد کئے جائیں گے اور طلبہ وطالبات کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ پرسنالٹی ڈولپمینٹ اور خاص طورپر انگریزی بولنے کی صلاحیت پیدا کی جائے گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیوبند جیسی تعلیمی بستی سے انہیں اپنے تعلیمی مشن کو آگے بڑھانے کے لئے بھر پور تعاون ملے گا۔
پروگرام کے اختتام پر صبا حسیب صدیقی نے اسرار احمد کا شکریہ ادا کیا اور تمام والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی بیٹوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے اس سلسلہ میں صد فی صد تعاون کریں۔اس موقع پر پبلک گرلز انٹر کالج کا اسٹاف،طالبات اور ان کے والدین موجود رہے۔
پروگرام کے انعقاد میں فیضی صدیقی، محمد غزالی، صفیہ گوھر، شبانہ ذکی، روبینہ شہزاد، زینب سنبل، اسرا خاں، منتشا، شاکرہ اور دیگر ٹیچرز کا شاندار تعاون شامل رہا۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر