Latest News

جدید تکنیک سے لیس ہوا دارالعلوم دیوبندکا دارالافتا، جانیں کب ہوا تھا دارالافتا کا قیام اور اب تک کتنے فتوے دیئے جا چکے ہیں۔

جدید تکنیک سے لیس ہوا دارالعلوم دیوبندکا دارالافتا، جانیں کب ہوا تھا دارالافتا کا قیام اور اب تک کتنے فتوے دیئے جا چکے ہیں۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
عالمی شہرت یافتہ دینی تعلیمی ادارہ دارالعلوم دیوبند کے شعبہ دارالافتا ءکو جدید ٹیکنالوجی والے کمپیوٹر سے مکمل طور پر لیس کردیا گیا ہے، یہ قدم اس لیے اٹھایا گیا تاکہ فتاویٰ کی ترسیل و اشاعت کی رفتار کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ اتوار کے روز دارالافتا دارالعلوم دیوبند کا نیا دفتری نظام عمل میں لایا گیا، جس کا افتتاح دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کیا۔
اس موقع پر نائب مہتمم مولانا عبد الخالق مدراسی،نائب مہتمم مفتی راشد اعظمی، مفتی محمود بلند شہری، مفتی زین الاسلام، مفتی حبیب الرحمٰن خیر آبادی،نگراں دارالافتا مولانا معین الدین قاسمی و دیگر مفتیان بھی موجود رہے۔دارلافتاءکے ذمہ داران کے مطابق دیگر اصلاحات کے ساتھ ساتھ دارالافتا کے نظام میں مزید بہتری لانے کے لیے دارالافتاءدارالعلوم دیوبند کو آج مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کردیا گیاہے جس کے لیے کافی دن سے کوششیں جاری تھیں، اب فتاویٰ ترسیل کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے گی، ارباب مدارس ،علماءاورسرکردہ افراد نے شوریٰ کے ذریعہ پاس کردہ اس تجویز کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ یہ نہ صرف دارالافتاءکے مفتیان بلکہ مستفتیان کو بھی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا کام کیا ہے، موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں یہ نہایت قابل قدر اورقابل ستائش قدم ہے۔

1893 میں قائم ہوا تھا شعبہ دارالافتا
دارالعلوم دیوبند کے قیام (1866) کے تقریباً 27 سال بعد 1893ء میں دارالعلوم دیوبند میں فتاویٰ کا شعبہ قائم کیا گیا، جہاں سے اب تک مختلف مسائل پر لسانی اعداد و شمار کے مطابق تقریباً آٹھ لاکھ فتوے دیئے جا چکے ہیں۔ تاہم یہاں کے کئی فتوے میڈیا کی سرخی اور ملک میں موضوع بحث بھی بنتے رہے ہیں۔ آن لائن فتویٰ کا شعبہ 14 سال قبل 2008 میں شروع کیا گیا تھا جہاں سے 50 ہزار سے زائد آن لائن فتوے دیے جا چکے ہیں۔
دارالافتا میں آٹھ مفتیان کرام فتویٰ دیتے ہیں، جبکہ کُل تقریباً 20 افراد کا عملہ دارالافتا میں کام کرتا ہے۔ لیکن اب دارالافتا کو بھی جديد ​​ٹیکنالوجی سے جوڑ دیا گیا  جس کے بعد شعبہ میں کام کرنے والے مفتیان کرام کے ساتھ ساتھ عملہ بھی ہائی ٹیک ہو جائے گا، جنہیں تربیت دی جا رہی ہے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر