Latest News

مدارس اسلامیہ کے سروے کا فیصلہ تشویشناک: مفتی ابوالقاسم نعمانی۔ حکومت کے فیصلہ کے جائزہ کے لئے دارالعلوم دیوبند نے 24 ستمبر کو بلائی ذمہ داران مدارس کی اہم کانفرنس، ارباب مدارس کی نظر۔

مدارس اسلامیہ کے سروے کا فیصلہ تشویشناک: مفتی ابوالقاسم نعمانی۔ حکومت کے فیصلہ کے جائزہ کے لئے دارالعلوم دیوبند نے 24 ستمبر کو بلائی ذمہ داران مدارس کی اہم کانفرنس، ارباب مدارس کی نظر۔
دیوبند: سمیر چودھری۔
یوپی کی یوگی حکومت کے ذریعہ مدارس اسلامیہ کا سروے کئے جانے کے فیصلہ پر پہلی مرتبہ اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ اترپردیش میں مدارس کا سروے کرائے جانے کا مسئلہ باعث تشویش ہے اور اس فیصلہ کا جائزہ لینے اور آئندہ کا لائحہ عمل بنانے کے لئے دارالعلوم دیوبند نے ذمہ داران مدارس کی اہم میٹنگ کے انعقاد کا فیصلہ کیاہے۔ 
مفتی ابوالقاسم نعمانی نے بتایا کہ گزشتہ روز منعقد مجلس تعلیمی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیاگیا کہ اترپردیش کے نمائندہ مدارس اسلامیہ کا طلب کیا جائے اور اس میں مدارس کا سروے کرائے جانے کے حکومت اترپردیش کے اعلان کے تمام پہلووپر غورو خوض کرنے کے بعد لائحہ عمل طے کیاجائے۔ مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ اس نمائندہ اجلاس کے لئے 24 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق اس نمائندہ اجلاس میں اترپردیش کے سیکڑوں مدارس کے ذمہ داران کی شرکت متوقع ہے۔ اس وقت تک حکومت کے اس فیصلہ کی تصویر بھی واضح ہوجائے گی۔مدارس اسلامیہ کے اس نمائندہ اجلاس میں اتفاق رائے سے جو فیصلہ لیا جائیگا ،دارالعلوم دیوبند کا موقف بھی وہی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس سلسلہ میں کوئی نہ کوئی مثبت فیصلہ لیا جائیگا۔ 
واضح ہو کہ حکومت اترپردیش نے گزشتہ دنوں غیر منظور شدہ اور خود مختار مدارس اسلامیہ کا سروے کرانے کے اپنے عزم کا اظہار کیاہے، جس کے بعد سے تمام ارباب مدارس اور ملت اسلامیہ کے ذمہ داران میں فکر و تشویش کی لہر ہے،اسی کے پیش نظر دارالعلوم دیوبند نے مدارس کے ذمہ داران کی اس کانفرنس کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ یہ بھی واضح ہو کہ دارالعلوم دیوبند نے اس مسئلہ پر ابھی تک اپنے کسی رد عمل کا اظہارنہیں کیا ہے۔
اب دارالعلوم دیوبند کی جانب سے اس نہایت اہم کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیاگیا،جس پر پر ارباب مدارس اور ملت اسلامیہ کی نظر ہوگی اور انہیں اس اہم کانفرنس کے بعد نیا رخ ملے گا۔ ادھر جمعیة علماءہند کی جانب سے منگل کو دہلی میں اس سلسلہ میں ایک اہم اجلاس کاانعقاد کیاجارہاہے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر