Latest News

اساتذہ ملک و ملت کے معمار ہوتے ہیں، ’دیوبند ٹوڈے‘ کے زیر اہتمام یوم اساتذہ کے موقع پر اعزازی تقریب کا انعقاد۔

اساتذہ ملک و ملت کے معمار ہوتے ہیں، ’دیوبند ٹوڈے‘ کے زیر اہتمام یوم اساتذہ کے موقع پر اعزازی تقریب کا انعقاد۔
دیوبند: سمیر چودھری۔
اردو۔ہندی پندرہ روزہ ’دیوبند ٹوڈے‘ کے زیر اہتمام یوم اساتذہ کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد شیخ الہند ہال میں کیاگیا،جس میں تعلیمی میدان میں نمایاں انجام دینے والوں کو اعزاز سے نوازاگیاہے۔
پروگرام کی صدارت عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید ،ٹی ایس ٹی کور کمیٹی کے کے رکن ڈاکٹر فرخ حسن اور پبلک گرلز انٹر کالج کی پرنسپل صبا حسیب صدیقی نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کہا کہ استاد ایک مجسمہ ساز کی مانند ہوتا ہے، وہ تعلیم اور اقدار کے ذریعہ معاشرے کی تعمیر و ترقی کے لیے انسان کی مدد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں استاذ کی عزت کم ہو گئی ہے، اس سلسلہ میں اساتذہ اور سماج دونوں کو غوروفکر کرنا چاہئے۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر انور سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں ہمیشہ اساتذہ کا شکر گزار رہنا چاہیے جنہوں نے ہمیں تعلیم دی اور معاشرے میں اعلیٰ مقام دیا، کسی بھی شخص کی زندگی میں استاذ کی حیثیت سب سے پہلے ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ والدین کے بعد اساتذہ ہمیں صحیح راستہ دکھاتے ہیں اور ہماری شخصیت کو نکھارنے میں نہایت معین ومدد ہوتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کی مناسبت سے پروگرام کاا نعقاد کرنے پر سید وجاہت شاہ کو مبارکباد پیش کی۔ 
پبلک گرلز انٹر کالج کی پرنسپل صبا حسیب صدیقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ استاذ کو ہمیشہ اپنی ذمہ داریوں کو نہایت ایمانداری اور دیانتداری سے انجام دینا چاہئے ،کیونکہ اساتذہ ہی ملک و ملت کے معمار ہوتے ہیں ۔ اسلامیہ ڈگری کالج دیوبند کے پروفیسر ڈاکٹر رحمت نے کہا کہ استاد کو نصاب کے ساتھ ساتھ اپنے طلبہ وطالبات کی تربیت اور شخصیت سازی پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔ اس دوران معروف شاعر ماسٹر شمیم کرتپوری نے سینئر ٹیچر اور پروگرام کنوینر سید وجاہت شاہ کی خدمت میں تاثرات دل کے عنوان سے منظوم کلام پیش کیا۔ 
اس موقع پر پبلک گرلز انٹر کالج کی پرنسپل صبا صدیقی، ساجدہ بیگم، اسلامیہ ڈگری کالج کے پروفیسر ڈاکٹر رحمت، دیوبند کالج آف ہائر ایجوکیشن کے پروفیسر عمر فاروق، پروفیسر سونیا یادو، پروفیسر روبینہ، ٹی ایس سی ٹی کی رکن کور کمیٹی اور سینئر ٹیچر ڈاکٹر عبدالرحمن،ٹیچر فرخ حسن، نواز گرلز پبلک سکول کی ٹیچر نجمہ خان، حنا عبداللہ، صفیہ ناز،پرنسپل زینب زبیری،ٹیچر پوجا چودھری، محمد اسعد صدیقی، ٹیچر شاہ فیصل مسعودی، منصر عظیم عثمانی، خورشید احمد صدیقی، نجم احمد صدیقی، داود قریشی، روبینہ گلزار اور نبیل مسعودی کو تعلیمی اور سماجی خدمت کے میدان میں نمایاں خدمات پر مومنٹو اور توصیفی سند دے کر عزت افزائی کی۔ پروگرام کی نظامت کنوینر سید وجاہت شاہ نے کی، آخر میں انہوں نے سبھی مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر