Latest News

سہارنپور میں پولیس حراست میں قربان کی موت، اہل خانہ نے کیا ہنگامہ، ایس ایس پی نے دیا جانچ کاحکم۔

سہارنپور میں پولیس حراست میں قربان کی موت، اہل خانہ نے کیا ہنگامہ، ایس ایس پی نے دیا جانچ کاحکم۔
سہارنپور: سمیر چودھری۔
پوچھ تاچھ کے لئے پولیس چوکی پر لائے گئے ایک شخص کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی جسے فوراً ہی ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران اس شخص کی موت واقع ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر اہل خانہ نے اسپتال پہنچ کر ہنگامہ آرائی کی ،اہل خانہ کا الزام تھا کہ پولیس کارروائی سے موت ہوئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن بھی موقع پر پہنچے اور لوگوں کو خاموش کرایا اور انہوں نے اعلیٰ افسران سے ملاقات کرکے قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ یہ معاملہ دیہات کوتوالی علاقہ کی پولیس چوکی شیخ پورہ کا ہے، گاﺅں دودھلا کے رہنے والے قربان اورسلیم کے درمیان گزشتہ دیر شام کسی بات کو لے کر جھگڑا ہوگیا تھا۔ دیہات کوتوالی پولیس قربان کولے کر شیخ پورہ پولیس چوکی پہنچی، بتایا جارہاہے کہ وہیں پر شام کو قربان نے نماز پڑھی ، اسی دوران اچانک قربان گرپڑا۔ 
پولیس اور اہل خانہ اسے لے کر ضلع اسپتال پہنچے جہاں علاج کے دوران قربان کی موت واقع ہوگئی، جس پر اہل خانہ نے ضلع اسپتال میں ہنگامہ آرائی شروع کردی ۔ ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملنے پر پولیس افسران بھی موقع پر پہنچ گئے ، بہوجن سماج پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن بھی موقع پر پہنچ گئے اورمتا ثرہ اہل خانہ سے تفصیلی معلومات حاصل کی۔ 
ممبر پارلیمنٹ اور دیگر لیڈران نے ہنگامہ آرائی کررہے افراد کو خاموش کیا اور کارروائی کی یقین دہانی کرائی ۔ اہل خانہ نے پولیس پر مارپیٹ کا الزام عائد کیا، ایس ایس پی سہارنپور ڈاکٹر وپن تاڑا نے بتایا کہ اس پورے معاملہ کی تحقیق کرائی جائے گی، اس میں جس کی بھی لاپرواہی سامنے آئے گی اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تحقیق کے بعد قربان کو اہل خانہ کو سونپ دیا گیا تھا، اس کے بعد ہی اس کی حالت خراب ہوئی ہے۔ اہل خانہ نے ہی اسے ضلع اسپتال میں داخل کرایا ہے ۔ صحیح صورت حال پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد سامنے آئے گی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر