Latest News

دیوبند میں صراف کی دکان میں چوری کا انکشاف، پولیس نے جیولرس سمیت تین کو کیا گرفتار، نقدی اور زیورات برآمد۔

دیوبند میں صراف کی دکان میں چوری کا انکشاف، پولیس نے جیولرس سمیت تین کو کیا گرفتار، نقدی اور زیورات برآمد۔
دیوبند: سمیر چودھری۔
صراف کی دکان میں ہوئی چوری کے معاملہ میں پولیس نے چوری شدہ چاندی کے زیورات اور نقدی برآمد کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس نے 48 گھنٹے میں چوری کا انکشاف کرتے ہوئے تمام ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے جیل بھیج دیا۔
جمعرات کو دیوبند کوتوالی میں ایس پی دیہات سورج رائے نے چوری کی واردات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے روڈ کی پدما وہار کالونی کے باشندہ صراف رام کمار ورما کی مین بازار میں واقع ارپن جیولرس کے نام سے دکان ہے۔ رام کمار ورما نے کوتوالی میں درج رپورٹ میں بتایا تھا کہ 17 اکتوبر کی رات چور چھت سے دکان میں داخل ہوئے اور چار تالے کاٹ کر چوری کی واردات کو انجام دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چوروں نے دکان میں رکھے ڈھائی لاکھ روپیہ کے چاندی کے زیورات اور 50 ہزار روپیہ کی نقدی چوری کر لی۔ 
رپورٹ درج کرنے کے بعد کوتوالی انچارج پیوش دیکشت کی قیادت میں ٹیم تشکیل دی گئی۔ جس کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مشکوک مقامات پر چھاپے شروع کر دیئے۔ انہوں نے بتایا کہ بدھ کی رات مخبر کی اطلاع پر پولس نے تینوں ملزمین قدیم عرف پادو ساکن محلہ گوجرواڑہ، حسین ساکن محلہ خانقاہ اور پروین کمار (جیولرز) ساکن ٹیچر کالونی دیوبند کو چوری کے سامان کے ساتھ گورنمنٹ ڈگری کالج کے قریب سے خالی پڑے مکان سے گرفتار کیا۔ بتایا کہ اس دوران چوتھا ملزم ننہیڑہ تھانہ گاگلہیڑی کا باشندہ رحمان موقع سے فرار ہوگیا۔
ایس پی دیہات نے کہا کہ چوری کیاگیا سبھی سامان اور پچاس ہزار روپیہ برآمد کر لے گئے ہیں۔ ان کے مطابق ملزمان پہلے بھی چوری کی متعدد وارداتیں کر چکے ہیں۔ ان کے خلاف دیوبند کوتوالی میں کئی مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے تینوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا اور وہاں سے جیل بھیج دیا۔ اس دوران سی او رام کرن سنگھ اور انسپکٹر پیوش دکشت موجودرہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر