Latest News

ایرانی کلچر ہاوس میں دارالعلوم دیوبند کے استاذِ خطاطی کو دیا گیا خصوصی اعزاز۔

ایرانی کلچر ہاوس میں دارالعلوم دیوبند کے استاذِ خطاطی کو دیا گیا خصوصی اعزاز۔
دیوبند: سمیر چودھری۔
عید میلاد النبی کی مناسبت سے ایران کلچرہاﺅس نئی دہلی میں منعقد 23واں سہ روزہ کل ہند مسابقہ قرآنی اور خطاطی نمائش پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں ہندوستان اور ایران کے قراء، حفاظ اور خطاط حضرات نے حصہ لیا، وہیں دارالعلوم دیوبند سے بھی شعبہ خوشخطی کے دو بزرگ استاذ مولانا عبدالجبار اور منشی کاتب منصور احمد سابقہ خطاطی میں شامل ہوئے۔ ایران کے نومنتخب سفیر برائے ہند ڈاکٹر ایراج الٰہی کلچرل کونسلر ڈاکٹر محمد علی ربانی اور دیگر مہمانوں نے کاتب منصور احمد کے طغرے پسند کئے اور ان کے فن کی داد دی۔ اختتامیہ پروگرام میں منصور احمد کاتب کو گراں قدر انعام ، توصیفی سند اور ایوارڈ سے نوازا گیا۔
واضح ہو کہ کاتب منصور احمد دیوبند کے مشہور خطاط محمد احمد مرحوم کے صاحبزادے ہیں، آپ کے برادر حقیقی دلشاد احمد بھی دارالعلوم وقف دیوبند میں شعبہ خوشخطی کے استاذ ہیں ۔ کاتب منصور احمد نے بے شمار کتابوں کی کتابت کی ہے او تقریباً 45سال سے اس فن سے منسلک ہیں۔ خطاط منصور احمد کی ایران کلچر ہاﺅس میں یہ شرکت مولانا شہزاد کی معرفت اور رہنمائی میں ہوئی جن کو حال ہی میں دیوبند میں ایران کلچر ہاﺅس کی جانب سے فارسی زبان کا استاذ مقرر کیا گیا ہے ۔ ایران کلچر ہاﺅس کی جانب سے کاتب منصور احمد کو ایوارڈ ملنے پر اطہر عثمانی، عارف عثمانی، ڈاکٹر عبید اقبال عاصم، رضوان سلمانی، دلشاداحمد، مولوی انس صدیقی، عمیس صدیقی وغیرہ نے مبارک باد دی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر