Latest News

قرآن کریم ہدایت اور رحمت کا ذریعہ ہے، تکمیل قرآن کریم کے موقع مفتی وقاص ہاشمی کا خطاب۔

قرآن کریم ہدایت اور رحمت کا ذریعہ ہے، تکمیل قرآن کریم کے موقع مفتی وقاص ہاشمی کا خطاب۔
دیوبند: رضوان سلمانی۔
محلہ ابوالمعالی میں واقع مدرسہ مدینة العلم میں جمعیة علماءشہر دیوبند کے صدر حاجی یٰسین انصاری کے پوتے اور مولوی فرخ عظیم کے صاحبزادے محمد حماد کے قرآن کریم ناظرہ مکمل کرنے پر ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ادارہ کے ذمہ دار مفتی وقاص ہاشمی نے محمد حماد اوراس کے والدین اور استاذ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے قرآن عظیم اور حفاظ کرام کی عظمت پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تبارک وتعالیٰ لوگوں کو قرآن کریم کی عظمت اور فضیلت کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرماتا ہے کہ اے لوگو تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے ایک ایسی کتاب ہے جو سراپا نصیحت ہے اور وہ سینوں میں پائی جانے والی بیماریوں کو شفا دینے والی ہے اور ایمان لانے والوںکے لئے ہدایت اور رحمت ہے۔ اے رسول لوگوں کو آگاہ کرو کہ یہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحمت سے عطا ہوئی ہے ۔ پس اس نعمت کے حصول پر انہیں خوش ہونا چاہئے کیوں کہ یہ کتاب اس مال سے جووہ جمع کررہے ہیں بہت بہتر ہے۔ قرآن مجید کی تلاوت کرنا باعث برکت اور ثواب ہے، مگر افسوس کا مقام ہے کہ ہماری اکثریت تلاوت قرآن کریم سے غافل ہے۔ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا کہ تم میں سب سے بہتر وہ ہے جس نے قرآن پڑھا اور اس کو پڑھایا ، قرآن کو جو لوگ مضبوطی سے تھام لیتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کو بلند کردیتا ہے ، وہ دنیا میں بھی عزت حاصل کرتا ہے اور آخرت میں بھی جنت میں داخل ہوگا ۔ آخر میں مفتی وقاص ہاشمی نے بچوں کے والدین سے کہاکہ وہ بچوں کو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم ضرور دلائیں ، یہ ہی تعلیم نجات کا ذریعہ بنے گی ۔ اس موقع پر مولوی سہیل ، عبداللہ قاسمی، حافظ عمر الٰہی، قاری مظاہر حسن ، راشد قیصر، ماسٹر گلشیر ، ماسٹر معصوم علی، عاطف ہاشمی، ربیع ہاشمی، نصر الٰہی، قاری ریحان، ذاکر وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر