دیوبند پہنچے ریاستی وزیر دانش ازاد انصاری، کہا اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے کام کر رہی یوگی حکومت۔
ریاست اترپردیش کے اقلیتی امور کے وزیر دانش آزاد انصاری کا دیوبند کے قریبی گاﺅں تھیتکی میں کارکنان کے ذریعہ زبردست استقبال کیا گیا ۔ اس دوران دانش آزاد نے یوگی حکومت کے ذریعہ اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے کرائے جارہے کاموں کی معلومات دی۔ انہو ں نے کہا کہ موجودہ بی جے پی حکومت میں اقلیتی طبقے کے لئے مختلف فلاحی اسکیمیں چلائی جارہی ہیں جس سے مسلم طبقہ مستفیض ہورہا ہے۔
آج دیوبند کے متصل تھیتکی گاﺅں میں بی جے پی اقلیتی سیل کے ضلع سکریٹری وسیم عباس نقوی کی رہائش گاہ پر پہنچے ریاستی وزیر دانش آزاد انصاری نے کہا کہ ریاستی حکومت سبھی طبقات کو ساتھ لے کر چل رہی ہے اور بغیر بھید بھاﺅ کے سبھی کی طرف توجہ دے رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اقلیتی طبقے کے لئے بہت سی فلاحی اسکیمیں چلائی جارہی ہیں جس سے وہ فائدہ حاصل کررہے ہیں ۔ دانش آزاد نے کہا کہ موجودہ حکومت میں ہر طبقہ خوش حال ہے، خواتین کی حفاظت کے لئے پختہ انتظامات کئے ہوئے ہیں ۔ آج ہر خواتین بے خوف ہے، غنڈے جیلوں میں بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں ، ان کا مستقبل بی جے پی میں ہی محفوظ ہے، آج تک دیگر سیاسی جماعتوں نے مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کے طو ر پر ہی استعمال کیا ہے۔ مگربی جے پی نے اقلیتوں کو ان کا حق دینے کا کام کیا ہے، قبل ازیں ریاستی وزیر دانش آزاد کا کارکنان کی جانب سے گل پوشی کرکے استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر بی جے پی کے ضلع صدر ڈاکٹر مہندر سنگھ سینی، اقلیتی سیل کے ضلع صدر حیدر چودھری، شہر صدر نسیم صدیقی وغیرہ موجود رہے۔
0 Comments