Latest News

جب کام نہ آئے اپنے اور پڑوسی تب انسانیت کی مثال بنی سہارنپور پولیس، بھائی کے پاس نہیں تھے پیسے، پولیس نے اداکرآئی آخری رسومات۔

سہارنپور: سمیر چودھری۔
سہارنپور کے تھانہ قطب شیر میں پولیس نے انسانیت کی مثال قائم کی ہے۔ شہر کے محلہ وجے نگر میں رہنے والے ایک شخص کی موت ہوگئی تھی، اس کے بھائی کے پاس آخری رسومات کے لیے پیسے نہیں تھے اور کوئی مدد کے لیے بھی آگے نہیں آیا۔ جیسے ہی پولیس انسپکٹر صوبے سنگھ کو اس بات کا علم ہوا تو وہ موقع پر پہنچے اور ہندو رسومات کے مطابق لاش کی آخری رسومات ادا کرائیں۔ پولیس اہلکاروں نے بھی لاش کو کندھا دیا۔تھانہ قطب شیر علاقہ کے محلہ وجئے نگر کے رہنے والے وشال (38) دیپ چند کی اتوار کی رات موت ہوگئی تھی۔ گھر میں صرف وشال اور اس کا بھائی وکاس رہتے تھے۔ دونوں کی شادی نہیں ہوئی تھی۔
وشال بھی ایک سال سے بیمار تھا۔ اس کی موت کے بعد وکاس نے پہلے تو کسی کو اطلاع نہیں دی لیکن بعد میں اہل محلہ کو معلوم ہوا کہ وشال کی موت گھر میں ہوگئی ہے، تھانہ قطب شیر انسپکٹر صوبے سنگھ پیر کی دیررات پولیس کے ساتھ گشت کر رہے تھے۔ انہیں لوگوں سے اطلاع ملی کہ ایک شخص کی موت ہو گئی ہے۔ وہ وشال کے گھر پہنچے اور اس کے بھائی وکاس سے بات کی۔ پھر، وکاس نے بھائی کے موت کے سلسلہ میںمعلومات دی،اس نے بتایا کہ اس کے پاس آخری رسومات کے لیے پیسے نہیں ہیں۔یہاں تک کہ علاقے کے لوگ بھی وکاس کے لیے آگے نہیں آئے۔ اس کے بعد تھانہ قطب شیر انسپکٹر صوبے سنگھ نے رات کو ہی اس کے گھر پر دو کانسٹیبل تعینات کر دیئے۔ منگل کی صبح آخری رسومات کا آرڈر دینے کے بعد پولیس انبالا روڈ پر واقع شیو پوری شمشان گھاٹ پہنچی اور وشال کی لاش کی آخری رسومات ادا کرائی۔اس دوران پولیس نے لاش کو کندھا دیا۔تھانہ قطب شیر پولیس کے اس کام کو ہر طرف تعریف ہورہی ہے، سوشل میڈیا پر بھی پولیس اہلکاروں کی قانون کے مطابق آخری رسومات ادا کرنے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر