Latest News

حاجی مقبول قریشی قوم پرست ایماندار اور مخلص انسان تھے، مجاہد آزادی اور ہر دلعزیز شخصیت کی 34ویں برسی پر دعائے مغفرت کے لئے مجالس کا اہتمام۔

سہارنپور: سمیر چودھری۔
سہارنپور ضلع کی سماجی اور ہر دلعزیز شخصیت مجاہد آزادی حاجی مقبول احمدقریشی کو ان کی34ویں برسی پر یاد کرتے ہوئے ان کے لیے دعاء مغفرت کرائی گئی۔ ایچ مقبول میموریل سوسائٹی کی جانب سے تعزیتی میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا، کئی مدارس میں بھی ایصال ثواب کرایا گیا۔ اسلامیہ شفا خانہ سہارنپور کے بانی، انڈسٹریل مسلم گرلز انٹر کالج کے سابق منیجر حاجی مقبول قریشی کا 69 سال کی عمر میں( 8 دسمبر 1988) کو انتقال ہوگیا تھا ۔ 
ایچ مقبول میموریل سوسائٹی کی جانب سے انبالہ روڈ پر واقع سوسائٹی کے دفتر کاظمی کامپلیکس میں گزشتہ شام حاجی ایم شاہد زبیری کی صدارت اور جمعیة العلماءہند شاخ ضلع سہارنپور کے نائب صدر مولوی فرید مظاہری کی نظامت میں ہوئی۔ میٹنگ میں شرکاءنے کہا کہ حاجی مقبول قریشی قوم و ملت پرست ایماندار اور مخلص انسان تھے۔ انہوں نے اپنی عمر کی نصف صدی سماجی خدمات میں گذاری، وہ غریبوں کے ہمدرد، اصولوں پسند اور صوم وصلوة کے پابند انسان تھے۔ حاجی مقبول قریشی اور ان کے چند ساتھیوں نے اسلامیہ شفاخانہ کی بنیاد رکھی، اسی وقت سے یہ خیراتی شفاخانہ بلا لحاظ مذہب و ملت غریبوں کی طبی خدمات انجام دے رہا ہے۔
حاجی مقبول احمد برسوں تک انڈسٹر یل مسلم گرلز انٹر کالج سے جڑے رہے، اس دوران وہ کئی سالوں تک کالج کے منیجر بھی رہے ۔اس کے علاوہ بھی وہ کئی اداروں کے سرپرست اور عہدےدار رہے۔ تقسیم کے وقت مصیبت زدہ اور پریشان لوگوں کی کفالت اور خدمت میں بھی حاجی مقبول قریشی کا نام نمایاں رہا، انہیں جمعیة العلما ہند کے روح رواں مولانا اسعد مدنی اور معروف صحافی ناز انصاری کی بھی قربت حاصل رہی۔ 
میٹنگ کے اختتام پر مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کرائی گئی۔ شرکاءمیں حافظ محمد صالح احقر، محمد آصف شمسی، ڈاکٹر شاہ کار، محمد عارف، وسیم الرحمان، فہیم الرحمن، محمد فاضل، کونسلرمحمد عامر، شاکر، نواب شاہ، عطاءالرحمان، سمیع الرحمان وغیرہ شامل تھے۔ حاجی مقبول قریشی کے لیے دعائے مغفرت کرنے والوں میں جامعہ مظاہر علوم کے امین عام مولانا شاہد الحسنی، جامعہ مظاہر علوم کے مجلس شوریٰ رکن مولانا ساجد کاشفی، گنگوہ مدرسہ کے استاز مفتی ساجد کھجناوری، جمعیة العلما ہند گروگرام کے صدر مفتی سلیم بنارسی، انور علی ایڈوکیٹ، قاضی عزیز حسن ایڈوکیٹ، شبیر شاد، کلیم الرحمان ایڈوکیٹ، نوشاد خاں دہلوی، غلام ربانی،اسلامیہ شفاخانہ کے سکریٹری مسعود بدر، مسلم گرلز انٹر کالج کے صدر چودھری مظفر علی، جامعہ رحمت گھگرولی میں ڈاکٹر عبد المالک مغیثی اور جامعہ فلاح دارین مین مولانا شاہد مظاہری نے مرحوم حاجی مقبول قریشی کے لیے ایصال ثواب کرایا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر