Latest News

ڈاکٹر سید جمیل حسین بہت سی خوبیوں کے مالک تھے، تعزیتی پیغام میں یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے مرحوم کی حیات و خدمات پر ڈالی تفصیلی روشنی۔

                   فوٹو: ڈاکٹر عبید اقبال عاصم۔۔                    
دیوبند: سمیر چودھری۔
مدرسہ اصغریہ دیوبند کے مہتمم ڈاکٹر سید جمیل میاں حسین کے انتقال پر یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر سید جمیل میاں حسین مرحوم جدید تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود اپنی قدیم خاندانی روایات کے پاس دار تھے تعلیم کے ساتھ خدمت خلق ان کا خاندانی شعار تھا جسے انہوں نے ہمیشہ ملحوظ، رکھا ان کا خاندان صرف علاقے میں ہی نہیں بلکہ ملک وبیرون ملک عوام الناس کے روحانی علاج کے لیے مشہور تھا۔ 
ڈاکٹر صاحب مرحوم دیوبند کے اس علمی سادات گھرانے سے تعلق رکھتے تھے جسکی تعلیمی خدمات کا دائرہ تسلسل کے ساتھ تین صدیوں سے زیادہ عرصہ کا احاطہ کۓ ہوۓ ہے ۔وہ جدید تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود اپنی قدیم خاندانی روایات کے پاس دار تھے تعلیم کے ساتھ خدمت خلق ان کا خاندانی شعار تھا جسے انہوں نے ہمیشہ ملحوظِ رکھا ان کا خاندان صرف علاقے میں ہی نہیں بلکہ ملک وبیرون ملک عوام الناس کے روحانی علاج کے لیے مشہور تھا ۔ غالباً ١٩٦٥ کے اس پاس ڈاکٹر صاحب مرحوم' علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بی یو ایم ایس کرنے کے بعد جسمانی علاج کے ذریعے وطن عزیز کے عوام وخواص کی طبی خدمت میں مصروف ہوگئے۔ کچھ عرصہ بعد وہ بسلسلہ ء معاش عراق چلے گئےجہاں وہ تیرہ سال تک رہے موقع ملنے پر مزید حصول تعلیم کے لئے آپ روس چلے گئے جہاں انہوں نے جدید طریقہ علاج "ایکو پنکچرنگ" میں مہارت حاصل کی اور دوبارہ وطن عزیز میں طبی خدمات انجام دینے لگے مرحوم نے اس فن کو حصول دولت و زر کا ذریعہ نہیں بنایا بلکہ اپنی خاندانی روش کو باقی رکھتے ہوۓ صرف اور صرف خدمت خلق کو اپنا محور بنایا۔

ڈاکٹر صاحب مرحوم سادات دیوبند کے جس خانوادہ سے تعلق رکھتے تھے وہ گذشتہ تین صدیوں سے زیادہ عرصہ سے قصبہ کی تعلیمی صورتحال کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عوام الناس کی روحانی تربیت کا بھی فریضہ انجام دے رہا ہے ۔ اس خاندان کے بزرگ ترین صاحب کشف وکرامات خواجہ شمس الدین کے سلسلے سے وابستہ مولانا سید اصغر حسین گذشتہ صدی کے معروف عالم دین ہونے کے ساتھ دارالعلوم دیوبند کے مقبول ترین استاد حدیث بھی تھے "استاذ الاساتذہ" مولانا اصغر حسین صاحب مرحوم' اپنی نیکیوں' تقوی و طہارت کی بناء پر "عارف باللہ" شمار ہوتے تھے ۔ مولانا سید اصغر حسین صاحب کی اولاد میں مولانا سید بلال حسین صاحب' اپنے وقت کے معروف بزرگ و "روحانی معالج" تھے اللہ تعالیٰ نے انہیں اس فن میں اتنی مہارت دی تھی کہ وہ نہ صرف دیوبند بلکہ اطراف و اکناف ملک وبیرون ملک کے ہزاروں مریضوں کی شفا یابی کا ذریعہ بنے۔ انکے تین بیٹوں مولانا سید جلیل حسین' مولانا سید خلیل حسین اور ڈاکٹر سید جمیل حسین میں ڈاکٹر صاحب مرحوم سب سے چھوٹے فرزند تھے۔
ڈاکٹر صاحب مرحوم' بہت سے اعلیٰ اوصاف کے حامل تھے ۔خوش اخلاقی' مہمان نوازی' عجز و انکساری نے ڈاکٹر صاحب مرحوم کی شخصیت کو بہت زیادہ نکھار دیا تھاوہ جب بات کرتے تو بہت ہی نرم لب و لہجہ میں بات کرتے واقعتاً ایسے وقت میں ان کے "ہونٹوں" سے "پھول جھڑتے" معلوم ہوتے شگفتہ مزاجی کے ساتھ اپنی بات رکھتے اور سامنے والے کی رائے کا احترام کرتے۔ "خندہ روئ" ان کی پہچان تھی. بہت زیادہ خوبیوں کے مالک تھے ۔ "طبیہ کالج دیوبند" کے اولین پرنسپل تھے لیکِن دعوت وتبلیغ کے لئے زندگی وقف کر دینے کے باعث انہوں نے گذشتہ تیس سالوں سے اپنی تمام تر توجہات اسی کام پر لگا دیں، مدرسہ اسلامیہ اصغریہ دیوبند کی تعمیر وترقی، اصلاح باطن، رشد و ہدایت اور دین کی دعوت وتبلیغ کو انہوں نے اپنی زندگی کا اوڑھنا بچھونا بنا لیا اور اسی مشن میں اپنی جان، "جان آفرینی" کے سپرد کر کے بتادیا کہ "مریض عشق جی جاتے ہیں جی سے کیا گذرتے ہیں"
ڈاکٹر صاحب مرحوم نے حالت مسافرت میں اللہ رب العزت کے حضور حاضری دی اس سے ان کے اعزا'اقربااور جملہ متعلقین کو انکی آخری رسومات میں شرکت کا موقع نہ ملنے کا احساس یقینی طور پر تا عمر ستاتا رہیگا لیکن میرے خیال سے یہ ڈاکٹر صاحب مرحوم کی خدمات کے عنداللہ مقبول ہونے کی دلیل ہے۔ حالت مسافرت کی موت، اور وہ بھی اللہ رب العزت کے دین کی دعوت کا سفر،ان شاءاللہ العزیز انکے درجات کی بلندی کا سبب ہے۔اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے مرحوم کی خدمات کو قبولیت عطافرمائے اور انکی خطاؤں وسیآت کو حسنات سے تبدیل فرما کر انہی اجر عظیم و جزاۓ جزیل عطافرمائے۔ آمین ۔ ڈاکٹر صاحب مرحوم اب اس فانی دنیا کے لئے قصہء پارینہ بن گۓ ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ اپنی نیکیوں'خوبیوں خوش اخلاقی اور اعلیٰ اوصاف کی بناء پر عرصہء دراز تک اپنے ہم عمروں اپنے چھوٹوں یہاں تک کہ "نئ نسل" کے دل و دماغ سے محو نہیں ہونگے۔"

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر