Latest News

مدارس اسلامیہ نظام تعلیم و تربیت کو مزید منظم اور بہتر بنائیں، کل ہند رابطہ مدارس کے زون نمبر ۳ کے انتخابی اجلاس میں مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کا خطاب، دینی روح کے متاثر کیے بغیر عصری علوم کو داخل نصاب کرنے کی تجاویز منظور۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند کی شاخ زون نمبر3 (سہارنپور ،شاملی) کا عمومی اجلاس آج یہاں اسٹیٹ ہائیوے پر واقع ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا دیوبند میں منعقد کیاگیا، جس میں اتفاق رائے سے زون کی مجلس عاملہ کے انتخاب کے ساتھ نئے عہدیدان کا انتخا ب بھی عمل میں آیاہے۔ اس دوران پروگرام میں شامل تمام ذمہ داران مدارس کو نظام تعلیم و تربیت کو مزید بہتر بنانے اور مدارس کے نظام کوشفاف رکھنے کی نصیحت کی گئی۔
اس دوران اجتماعی امتحانات، نظام میں فعالیت،حساب میں شفافیت اور دینی روح کے متاثر کیے بغیر عصری علوم کو داخل نصاب کرنے کی تجاویزکی منظورکی گئی۔ زون کے صدر و جامعہ بدارلعلوم گڑھی دولت کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانامحمد محمد عاقل کی صدارت میں منعقد پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم اور کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کے صدر مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے ذمہ داران مدارس کو موجودہ حالات سے روشناس کرایا اور انہیں مدارس کی زریں تاریخ سے روشناس کرایتے ہوئے کہاکہ ہمیں گھبرانے کی یا ڈرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ مدارس اسلامیہ ملک کے آئین میں دی گئی مذہبی آزادی کے تحت دینی و علمی خدمات انجام دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی آزادی اور اس کی تعمیر و ترقی میں مدارس اسلامیہ کا بنیادی کردار ہے ۔ انہوں نے ذمہ داران مدارس سے اس امر پر خاص زور دیا کہ اپنے مدارس کے نظام کو منظم بنائیں تعلیم و تربیت کو بہتر بنانے کے لئے صاف صفائی، حساب کتاب اور دیگر تمام امور میں شفافیت برتیں اور اپنی جانب سے کسی قسم کی کوتاہی نہیں کریں۔مدارس اسلامیہ امن کے گہوارے ہیں اور جنہوں نے پوری دنیا کو امن وسلامتی کا درس دیاہے۔ مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ ذمہ داران مدارس تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ معاشرہ میں پھیل رہی برائیوں کے سدباب اور مذہب اسلام کے امن وشانتی کے پیغام کو سماج کے ہر طبقات تک پہنچائیں۔
اپنے صدارتی خطاب میں مولانا محمد عاقل قاسمی رکن شوریٰ نے اہل مدارس کو کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کی جانب سے تجویز کردہ اصول و ضوابط سے روشناس کرایا اور کہاکہ مدار س اسلامیہ کے ذمہ داران بچوں کی تربیت اور نظام تعلیم کو بہتر بنانے کے ساتھ طے کردہ اصولوں کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں۔ 
علاوہ ازیں کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کے ناظم عمومی مولانا محمد شوکت بستوی، مولانا ابولحسن ارشد، مولانا محمد یامین، مفتی عمران قاسمی، مولانا نصیر الدین، مولانا ارشد کاندھلہ، مولانا محمد ناظم وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ اس دوران اتفاق رائے سے زون نمبر ۳ کی 21 افراد پر مشتمل عاملہ تشکیل پائی اور اضلاع کی عاملہ کو سابقہ کے مطابق ہی رکھا گیا۔ 
زون کے ضلع صدر مولانا محمد عاقل کی تجویز پر دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی شریف خان قاسمی کو زون کا جنرل سکریٹری منتخب کیاگیا، جبکہ ،مولانا محمد ہاشم چھٹمل پور، مولانا عبدالرحیم رائے پوراور مولانا واصف جلال آباد کو نائب صدر منتخب کیاگیا، وہیں مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی اور مولانا عبداللہ سونتا سکریٹری منتخب ہوئے۔ 
ضلع سہارنپور کے صدر مولانا جمشید ریڑھی اور جنرل سکریٹری مولانا اطہر حقانی جبکہ ضلع شاملی کے صدر مولانا عرفان اور جنرل سکریٹری مولانا عبداللہ کو منتخب کیاگیا۔ تمام عہدیدان کا انتخاب اتفاق رائے سے عمل میں آیا۔ 
آخر میں دارالعلوم دیوبند زکریا دیوبند کے مہتمم مفتی شریف خان قاسمی نے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا اور خصوصی خطاب کے دوران ذمہ داران مدارس کو موجودہ حالات کے تقاضوں سے روشناس کراتے ہوئے طے کردہ اصولوں پر عمل کرنے پر زور دیا۔
صدارت مولانا محمد عاقل قاسمی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض آل انڈیا ملی کونسل کے ضلع صدر مولانا عبدالمالک مغیثی نے انجام دیئے۔ اجلاس کا آغازقاری محمد اطہر کی تلاوت کلام پاک اور نعت نبی سے ہوا اور مولانا عبدالرشید ناظم فیضان رحیمی مرزا پور کی دعاءکے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ پروگرام میں زون کے مربوط مدارس کے تقریباً تین سو سے زائد علماء نے شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر