Latest News

دیوبند میں نقاب پوش طلبہ نے اپنے ہی کالج کے دو طالبعلموں کو ماری گولی، پولیس محکمہ میں مچی کھلبلی، موقع پر پہنچے ایس ایس پی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دیوبند کے قریبی گاﺅں بھائیلہ میں نقاب پوش موٹر سائیکل سوار چار طلبہ نے دو طالبعلموں کو سر عام گولی مارکر شدید طور سے زخمی کردیا۔ اس واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس افسران میں افراتفری مچ گئی، آناً فاناً افسران موقع واردات پر پہنچے اور زخمیوں کو دیوبند کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا۔ جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد دونوں کو ہائی سینٹر ریفر کردیا، اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سہارنپور ڈاکٹر وپن تاڑا بھی موقعہ واردات پر پہنچے اور تفصیلی معلومات لیتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کے لئے 4ٹیمیں تشکیل دیں، وہیں وزیر اعلیٰ آفس سے بھی اس پورے معاملہ کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے جس کے بعد افسران میں مزید افراتفری مچی ہوئی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق آج بھائیلہ گاﺅں کے ہی رہنے والے ونے ولد راکیش بھائیلہ انٹر کالج میں 12ویں کلاس کے طالب علم ہیں جو آج گاﺅں کے ہی رہنے والے درجہ 9میں زیر تعلیم اپنے ساتھی کے ساتھ کالج آرہا تھا ، جب وہ بھائیلہ کرڑی کے درمیان پڑنے والی نہر کی پٹری پر پہنچے تو پیچھے سے آئے دو موٹر سائیکلوں پر سوار نقاب پوش 4نوجوانوںنے ان پر فائرنگ کردی جس سے گولی لگنے سے دونوں طلبہ شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ واردات کو انجام دینے کے بعد نوجوان موقع سے فرار ہوگئے۔ اس واردات سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی، واردات کی اطلاع ملنے پر افسران میں افراتفری مچ گئی۔ آناً فاناً سی او رام کرن سنگھ اور تھانہ انچارج ایچ این سنگھ پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو علاج کے لئے دیوبند کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد دونوں زخمیو ںکی نازک حالت دیکھتے ہوئے انہیں ہائیر سینٹر ریفر کردیا،وہیں پولیس نے واردات کو انجام دینے والے نوجوانوں کی گرفتاری کے لئے سبھی پولیس چیک پوسٹ پر چیکنگ مہم شروع کی ، لیکن نوجوانوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ اُدھر اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ڈاکٹر وپن تاڑاموقعہ واردات پر پہنچے اور بدمعاشوں کی گرفتاری کے لئے چار ٹیمیں تشکیل دیں اور اپنے ماتحت افسران کو ہدایت دی کہ جلد سے جلد انہیں گرفتار کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ گولی مارنے والے ملزمان بھی کالج کے ہی طالب علم ہیں ۔ آپسی رنجش کی وجہ سے انہوں نے طلبہ کو گولی مارکر شدید طور سے زخمی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک طالب علم کی کمر ، جب کہ دوسرے طالب علم کی ٹانگ میںگولی لگی ہے ۔ دونوں اسپتال میں داخل ہیں اورخطرے سے باہر ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ طلبہ کے اہل خانہ کی تحریر پر ملزمان کے خلاف مقدمہ قائم کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ طلبہ کی کیا پلاننگ تھی اور ان کے پاس اسلحہ کہاں سے آیا ہے اس کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ایس او جی اور علاقائی پولیس کی ٹیم کو بھی گرفتاری کے لئے لگایا گیا ہے ۔ ایس پی سٹی سہارنپورکی قیادت میں پولیس نے تابڑ توڑ چھاپہ ماری شروع کردی ہے ، جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر