ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محترمہ ندھی کی عدالت نے نو سال پرانے قتل کیس کی سماعت کرتے ہوئے تین ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں عمر قید اور جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔
اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ایڈوکیٹ دیوی دیال شرما نے بتایا کہ 15 مئی 2013 کو دیوبند علاقہ کے پھلاسی گاوں کا رہنے والا ریاض الحق اپنے بھائی اکرام الحق کی تلاش میں کھیت میں پہنچا ،جہاں اکرام الحق کی لاش کھیت میں خون آلود ہ حالت میں پڑی ملی۔ اس معاملے میں ریاض الحق کی جانب سے رپورٹ درج کرائی گئی۔ تفتیش کے دوران پھلاسی گاوں کے رہنے والے ملزمان شیام، راہل اور تھانہ ناگل کے گاوں میرپور منوہر پور کے رہنے والے بجندر کے اس قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔ انکشاف کے مطابق14-15 مئی کی درمیانی شب ملزم شیام نے مقتول کو گھر سے بلایا اور تینوں نے مل کر اکرام الحق کو قتل کرکے اس سے ایک لاکھ روپے اور کاغذات لوٹ لئے۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے مقتول سے لوٹی گئی رقم اور کاغذات برآمد کرکے ان کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔ دیوی دیال شرما نے کہا کہ استغاثہ اور دفاع کے دلائل سننے کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محترمہ ندھی نے تینوں کو قتل کے الزام میں قصوروار ٹھہرایا اور انہیں عمر قید اور دس دس ہزار روپیہ جرمانے کی سزا سنائی۔ ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 2 ماہ قید بھگتنا ہو گی۔
0 Comments