Latest News

عمران مسعود کی اہلیہ صائمہ مسعود ہونگی سہارنپور سے بی ایس پی کی میئر امیدوار، بی ایس پی میں پہنچتے ہی اپنی موجودگی درج کرانے لگے عمران مسعود۔

سہارنپور: سمیر چودھری۔
بہوجن سماج پارٹی نے سہارنپور نگر نگم میئر عہدے کے لئے اپنے امیدوار کا اعلان کردیا ہے ۔ بی ایس پی نے میئر کے لئے سینئر لیڈر اور سابق اسمبلی رکن عمران مسعود کی بیوی کو امیدوار بنایاہے۔
اس سلسلہ میں بہوجن سماج پارٹی کے مغربی اترپردیش کے انچارج شمس الدین راعین نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ سہارنپور نگر نگم میئر امیدوار کے طورپر بہوجن سماج پارٹی کی رہنما مایا وتی نے صائمہ مسعود کے نام پر مہر لگائی ہے،جس کا ضابطہ آج اعلان کردیاگیاہے۔ پورے اترپردیش میں 17نگر نگم اور 200نگر پالیکائیں ہیں۔ 

آج شمس الدین راعین نے سہارنپور نگر نگم کے امیدوار کے طور پر سابق اسمبلی رکن عمران مسعود کی اہلیہ صائمہ مسعود کو انتخابی میدان میں بہوجن سماج پارٹی کی جانب سے اتارنے کا اعلان کیا ہے۔ ابھی تک بہوجن سماج پارٹی کی جانب سے پہلا امیدوار سہارنپور کا ہی اعلان کیا گیا ہے۔ شمس الدین راعین نے کہا کہ عمران مسعود کے پارٹی میں شامل ہونے کے بعد بہوجن سماج پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور بہوجن سماج پارٹی کی جانب لوگوں کی امیدیں بڑھی ہیں اور اس مرتبہ یقینی طور سے کئی نگر نگم اور نگر پالیکاﺅں پر بہوجن سماج پارٹی کا پرچم لہرائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دلت اور مسلم ایک جگہ نہیں آئیں گے اس وقت تک موجودہ حکومت کو اقتدار سے بے دخل نہیں کیا جاسکتا۔ شمس الدین راعین نے کہا کہ عمران مسعود مغربی اترپردیش کے قدآور لیڈر ہیں، ان کے پارٹی میں آنے سے پارٹی کو مزید فائدہ پہنچے گا۔ ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن کے پریس کانفرنس میں موجودہ نہ ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں ہیں اور وہ پوری طرح سے پارٹی امیدوار کے ساتھ ہیں ، اس دوران مغربی اترپردیش کے بہوجن سماج پارٹی کنوینر عمران مسعود نے کہا کہ اس مرتبہ نگرپالیکا انتخابات میں سب کچھ نیلا نیلا ہی نظر آئے گا اور یہ کامیابی کی دلیل ہے۔ 

اس مرتبہ سہارنپور ضلع خاص طور پر نیلے رنگ میں ہی رنگا ہوا نظر آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقابلہ بی جے پی کے نظریات سے ہے اور جو بی جے پی کو ہرانا چاہتا ہے انہیں بہوجن سماج پارٹی کو کامیاب بناناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی بلدیاتی الیکشن پوری طاقت کے ساتھ اپنے نشان پر لڑے گی اور فتح حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے تئیں لوگوں میں سخت ناراضگی ہے ،انہوںنے کہا کہ دلت مسلم اتحاد بی ایس پی کی بنیا دہے اورہم سبھی طبقات کو ساتھ لے کر چلیں گے اور ہمیشہ چلتے آئے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2024کے الیکشن میں بہوجن سماج پارٹی ایک بڑی طاقت بن کر ابھرے گی ۔ واضح ہو کہ بہوجن سماج پارٹی نے آج سہارنپور سے نگر پالیکا انتخاب کا آغاز کردیا ہے ،بہوجن سماج پارٹی کے اس اعلان کے بعد عمران مسعود کے بڑھتے قد کو صاف طورپر دیکھاجاسکتا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر