کہرے کے باعث سڑک حادثے میں ایک شخص ہلاک اور سات زخمی ہوگئے۔ حادثہ اسٹیٹ ہائیوے پر تین گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کی وجہ سے پیش آیا۔
ناگل علاقے میں سہارنپور۔مظفر نگر اسٹیٹ ہائی وے پر ایک کار، ایک بھینسابگی اور ایک ٹیمپو کے درمیان تصادم کی وجہ سے ایک بچی اور پانچ خواتین سمیت سات افراد زخمی ہو گئے، جب کہ ایک کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ زخمیوں کو ناگل سی ایچ سی میں داخل کرایاگیا۔ جہاں سے سبھی کو ضلع اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ پولیس نے لاش کا پنچنامہ بھر کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا دیا۔
معلومات کے مطابق دہرادون کا رہنے والا جسپریت اپنی بیوی ہرویندر کور اور ڈیڑھ سال کی بیٹی ایکم پریت کور کے ساتھ صبح تقریباً صبح ساڑھے آٹھ بجے دہلی سے دہرادون واپس آرہا تھا۔ جیسے ہی وہ کھجور والا فلائی اوور کے قریب پہنچے تو دھند کی وجہ سے ان کی کار بے قابو ہو کر سروس روڈ کی طرف مڑ گئی۔ اسی دوران کھجور والا گاوں کا رہنے والا اومپال کشیپ اپنی بیوی کسم کے ساتھ بھینسا بگی سے سڑک پر آرہا تھا۔ گاڑی نے بھینسا بگی کو زوردار ٹکر ماردی۔ گاڑی سڑک پر گھسیٹتے ہوئے تقریباً 40 میٹر دور چلی گئی۔ اس دوران مسافروں سے بھرا ایک ٹیمپو بھی دونوں حادثات کی زد میں آ گیا اور وہ بھی گڑھے میں الٹ گیا۔
اس حادثہ میں کسم (60) زوجہ اومپال، اومپال (65) ولد تیلورام زخمی ہوگئے، جبکہ ان کے بھینسے نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
ٹیمپو سوار ارملا (40) زوجہ منی رام، اس کی بیٹی سنجنا (19) ساکن کھجور والا، مینا (45) بیوی راجکمار ساکن کھجور والا زخمی ہو گئے۔ کار سوار ہنسویندر کور (30) اور اس کی بیٹی ایکمپریت کور زخمی ہوگئیں۔ حادثے میں ٹیمپو سوار شہزاد 40 ولد غلام صابر ساکن بازید پور تھانہ ناگل کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ ٹیمپو ڈرائیور احسان ولد نثار ساکن گاگلہیڑی حادثے میں بچ گیا کیونکہ وہ ٹیمپو سے دور کھڑا تھا۔
0 Comments