Latest News

بجلی کی شرح میں مجوزہ اضافہ کو لیکر ناراضگی، سماجوادی پارٹی کارکنان نے احتجاج کرکے سی ایم کو بھیجا میمورنڈم۔

سہارنپور: سمیر چودھری۔
سماج وادی پارٹی ویاپار سبھا نے ریاستی سطح پر بی جے پی حکومت کی جانب سے ریاست کی سبھی کٹیگری کی بجلی کی شرح میں مجوزہ اضافہ کے خلاف آج سماج وادی پارٹی کارکنان نے ریاستی سطح پر مخالفت کرتے ہوئے ضلع ہیڈ کوارٹر پر مظاہرہ کرتے ہوئے افسران کو ایک میمورنڈم سونپا اور فوراً بجلی کی شرح میں مجوزہ تجاویز کو واپس لینے اور اسمبلی انتخابات سے قبل کئے گئے وعدے کے مطابق بجلی کی شرح آدھی کرنے کا مطالبہ کیا۔

آج سماج وادی پارٹی ویاپار سبھا کے ریاستی صدر اور سابق اسمبلی رکن سنجے گرگ کی قیادت میں پارٹی کارکنان ضلع دفتر پہنچے اور مجوزہ بجلی کی شرحوں میں اضافہ کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ویاپار سبھا کے ریاستی صدر سنجے گرگ نے کہا کہ ریاست اترپردیش کی بی جے پی حکومت کی ہدایت پر بجلی کمپنیوں نے 2023/24کے لئے سبھی بجلی کی کٹیگری کی شرحوں میں 15.85فیصد اضافہ کی تجویز پیش کی ہے جس میں سب سے زیادہ 18سے 23فیصد کا اضافہ گھریلو کٹیگری میں رکھا گیا ہے ۔ صنعتی اداروں کے لئے 16، کمرشل کے لئے 12اور زراعت کے لئے 10سے 12فیصد کے اضافہ کی تیاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی پی ایل کے صارفین طبقوں کو بھی نہیں بخشا جارہا ہے اور ان صارفین کی شرح میں 17فیصد کا اضافہ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی شرحوں میں اضافہ کی تجویز سے پوری ریاست کے عوام ناراض ہیں۔ تاجر ، کسان ، مزدور چاروں طرف ہاہا کار مچا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ بجلی کی شرح میں یہ اضافہ پہلے سے ہی برباد اترپردیش کو مزید برباد کردے گا۔ 
سماج وادی پارٹی پسماندہ سیل کے سابق ریاستی خازن انجینئر برجیش شرما ، سہارنپور شہر کے جنرل سکریٹری گلشن کپور نے کہا کہ یوگی حکومت کی مجوزہ بجلی شرح میں اضافہ کا جھٹکا عام آدمی کو برباد کرنے کا کام کرے گا ۔سماج وادی پارٹی کے سابق سہارنپور شہر صدر فیصل سلمانی نے کہا کہ اگر بجلی کی مجوزہ شرحوں میں اضافے کو واپس نہیں لیا گیا تو ریاست کا ہر طبقہ اپنے آپ کو ٹھگا ہوا محسوس کرے گا ، یہ صنعت ، تجارت، غریب ، کسان اور عام آدمی کی کمر توڑنے والا فیصلہ ہے۔ یہ عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی والا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل وزیر اعلیٰ اترپردیش نے بجلی کی شرح آدھی کرنے کا وعدہ کیا تھا ، انتخابی وعدہ کے مطابق عوام کو امید تھی کہ مہنگائی سے کچھ راحت ملے گی لیکن عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ ڈالا جارہا ہے۔ 

پارٹی کے سینئر لیڈر چودھری عبدالغفور نے کہا کہ مجوزہ بجلی کی شرح کے اضافہ کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔ احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں میں مستقیم رانا، رام ورما، فہد، راج کمار، سشیل سونکر، امت یادو، حسین قریشی، ندیم انصاری، سونو تیاگی، سندیپ، محمد رفیع، سمے کمار وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر