Latest News

مسابقے طلباء کی خوابیدہ صلاحیت کو بیدار کرتے ہیں، معہد عائشہ الصدیقہؓ دیوبند میں منعقد مسابقہ حفظ الحدیث اور جلسہ تقسیم انعامات کے موقع پر مولانا ندیم الواجدی کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
طالبات کے مشہور ادارہ معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند کی مرکزی انجمن ’بزم عائشہ ‘کی جانب سے مسابقہ حفظ الحدیث اور جلسہ تقسیم انعامات کاانعقاد عمل میں آیاہے۔ اس موقع پرادارہ کے ناظم اعلیٰ اورنامور عالم دین مولانا ندیم الواجدی نے کہاکہ مسابقے طلباءکی خوابیدہ صلاحیت کو بیدار کرتے ہیں اور ان کے اندر آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں، اس زمانہ میں جب ہر میدان میں کمپٹیشن ہے طلباءکی تعلیمی صلاحیت کو بیدار کرنے کے لئے مسابقہ جات کا انعقاد کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس زمانے میں احادیث کو زبانی یاد کرنے کا سلسلہ ختم ہو گیا، یہ مسابقہ اس حوالے سے خوش آئند ہے کہ طالبات نے 200 احادیث ز بانی یاد کرلیں اور ان کے معانی اور مفاہیم کو بھی بہت حد تک سمجھ لیا ۔اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ ان احادیث کو یاد رکھیں اور ان پر عمل کریں۔

اس موقع پر مولانا ندیم الواجدی نے تکرار ومطالعہ، اسباق کی پابندی کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی طالب علم کی کامیابی کی ضامن یہ چیزیں ہیں ہمیں ان کو لازم پکڑ لےنا چاہئے۔
قبل ازیں پروگرام کا آغاز صفیہ سلیم کی تلاوت کلام اللہ اور کلثوم مشرف کے نعتیہ کلام سے ہوا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے معہد کی قدیم فاضلہ شیبا اعجاز دیوبندی نے کہا کہ مادر علمی روز بروز ترقیات کی منازل طے کررہا ہے اور آج مسابقہ حفظ الحدیث کے اس پروگرام سے یہ محسوس ہورہا ہے کہ اگر اس طرح کے سلسلے چلتے رہے تو انشاءاللہ طالبات کی صلاحیتوں میں روز بروز نکھار آتا جائے گا۔

تھانوی اسلامک اکیڈمی کی ڈائریکٹر حلیمہ تھانوی نے کامیاب طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند کے تعلیمی وتربیتی نظام کی ستائش کی۔ دریں اثنا مسابقہ کی کنوینر ضویا حنیف نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسابقہ حفظ الحدیث میں 116طالبات نے شرکت کی اور مختلف مراحل سے ہوتے ہوئے آج کے آخری مرحلے تک 10طالبات موجودرہیں۔ اس موقع پر بیسٹ اسٹوڈنٹ، اسٹار اسٹوڈنٹ ایوارڈ کے علاوہ تقریر، نعت، عربی تقریر اور انگلش تقریر میں پوزیشن لانے والی طالبات کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔ پروگرام کا اختتام مفتی محمد معراج قاسمی کی دعا پر ہوا۔ پروگرام میں معہد کا تمام اسٹاف موجود رہا۔



Post a Comment

0 Comments

خاص خبر