Latest News

حاجی اقبال کے خلاف انتظامیہ کی بڑی کارروائی، سہارنپور میں واقع مکان کی قرقی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
پولیس و انتظامیہ کی ٹیم نے سہارنپور میں سابق ایم ایل سی حاجی اقبال کے گھر پر قرقی کی کارروائی کی ہے۔ معلومات کے مطابق بدھ کو پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں پولیس سہارنپورکی نیو بھگت سنگھ کالونی میں واقع حاجی اقبال کے گھر سے ایک ایک سامان ٹرک میں لاد کر اپنے ساتھ لے گئی۔ اس دوران سی او منیش چندر کے علاوہ دو تھانوں کی پولیس اور پی اے سی فورس بھی موجود تھی۔ 

حاجی اقبال پر غبن کا الزام ہے۔ ایک ٹھیکیدار نے جون کے مہینے میں حاجی اقبال کے خلاف رپورٹ درج کرائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اس سے گلوکل یونیورسٹی میں مختلف کام کروائے گئے اور اس کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ الزام لگایا تھا کہ حاجی اقبال نے اس کے تقریباً 35 لاکھ روپے ہڑپ کر لیے۔ واضح رے کہ رقم کی وصولی کے معاملے میں پولیس یہ کارروائی کی۔ اس سے قبل بھی دیگر مقدمات میں حاجی اقبال کی جائیداد قرق کی جا چکی ہے۔ گاوں کرڑی کھیڑ کے باشندہ نور حسن نے حاجی اقبال پر 32 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ مرزا پور تھانہ پولیس نے رپورٹ درج کر کے معاملے کی جانچ شروع کر دی۔ پولیس نے دفعہ 82 کی کارروائی کرتے ہوئے عدالت کی ہدایت پر مرزا پور میں حاجی اقبال کی جائیداد پر قرقی کا نوٹس چسپاں کر دیا۔
آج پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں مکان کی قرقی کی کارروائی کی گئی۔ ایس ایس پی ڈاکٹر وپن ٹاڈا نے کہا کہ حاجی اقبال کی جائیداد رقم ہڑپنے کے معاملہ میں قرق کی گئی۔ واضح رہے کہ حاجی اقبال متعدد مقدمات میں مطلوبہ ہیں اور ان پر پچاس ہزار روپیہ کے انعام کا اعلان ہے، اتنا ہی نہیں بلکہ انہیں سہارنپور پولیس نے مفرور قرار دے رکھاہے۔ واضح رہے کہ حاجی اقبال کے چاروں بیٹے اور ان کے چھوٹے بھائی و سابق ایم ایل سی محمود علی بھی جیل میں بند ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر