Latest News

جامعہ امام محمد انور شاہ کے طلبہ کی انجمن کاسالانہ اجلاس منعقد، نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلبہ کو خصوصی انعامات سے نوازا، مولانا احمد خضر شاہ کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
جامعہ امام محمد انور شاہ دیوبند کے طلبہ کی مشقی تنظیم انجمن کواکبِ انور کا سالانہ اختتامی اجلاس مہتمم مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی قیادت مفتی نثار خالد اور نگرانی مولانا ابو طلحہ اعظمی استاذ حدیث جامعہ ہذا نے کی۔ اجلاس کا آغاز محمد توقیر کی تلاوت کلام پاک اور محمد عفان نعت پاک سے ہوا۔ اس دوران طلبہ نے عربی، فارسی، اردو، انگریزی اور ہندی زبان میں شان دار اور دل پذیر تقریریں پیش کیں۔ عربی تقریر امام العصر علامہ محمد انور شاہ کشمیریؒ کے حالات و واقعات پر ہوئی۔ ترانہ جامعہ محمد لقمان، احمد حسین اور عبدالرحمن میرٹھی نے پیش کیا۔ اجلاس میں پردھانی الیکشن پر ایک زور دار مکالمہ بھی پیش کیا گیا۔ اخیر میں بیت بازی کا پروگرام بھی پیش ہوا جو ناظرین و سامعین کو کافی پسند آیا۔ حالی اور جامی گروپوں نے پرجوش، معنیٰ خیز اور انقلاب آفریں اشعار سنائے۔ حکمیت کے فرائض مولانا سید فضیل احمد ناصری نائب ناظمِ تعلیمات اور مفتی نوید دیوبندی نے مشترکہ طور پر ا نجام دیئے ۔ دونوں گروپوں سے پہلی پوزیشن لانے والے محمد لقمان، دوسری پوزیشن ثناءاللہ ، جب کہ محمد سلمان خورشید نے تیسری پوزیشن کی ۔ ان سب کو کتابوں کی شکل میں سند خصوصی کے ساتھ گراں قدر انعامات سے نواز گیا۔ اس سے پہلے مسابقہ خطابت میں حصہ لینے والوں کو تشجیعی انعامات سے نوازا گیا اور اول،دوم، سوم پوزیشن لانے والے توقیر عالم سپول، محمد عابد دہلی اور لقمان احمد کو بھی کتابوں کی شکل میں بیش قیمت انعامات سے سرفراز کیا گیا۔ یہ مسابقہ خطابت مولانا ابو طلحہ اعظمی اور مفتی عبید انور شاہ صاحبان کی حکمیت میں منعقد ہوا تھا، جس میں اکثر طلبہ نے پوری دل چسپی کے ساتھ حصہ لیا۔ مسابقے کے پوزیشن یافتگان کے علاوہ اعلیٰ نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے والے دس طلبہ کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔مزید ہر شعبہ کی نمایاں کارکردگی والے طلبہ کو انجمن کی طرف سے کتابوں کے ساتھ خصوصی توصیفی سند بھی دی گئی۔ آخر میں ادارہ کے مہتمم مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے اپنے صدارتی خطا ب میں طلبہ کونہایت قیمتی نصیحتوں سے نوازا۔ اجلاس کے نگراں مولانا ابو طلحہ اعظمی نے باہر سے آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ مفتی نثار خالد کی دعا پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر مولانا صغیر پرتاپ گڑھی، مولانا بدرالاسلام، مولانا شبیر ، مفتی نوید، مولانا عثمان غنی، قاری بلال احمد، مولانا مفتی عمر اعجاز، مفتی محمد سعید، مفتی حنیف، مولانا مفتی عبید انور شاہ، مولانا ذکی انجم، مولانا ثاقب وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر