Latest News

جامعہ کالج آف فارمیسی کے طلبہ کے مابین ٹیب لیٹ تقسیم، صوبائی حکومت کی اسکیم کے تحت ریاستی وزیر کے ہاتھوں طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
معروف یونانی طب کا ادارہ جامعہ طبیہ میڈیکل کالج کے زیر اہتمام چلنے والے فارمیسی کے ادارہ جامعہ کالج آف فارمیسی دیوبند کے 60طلبہ وطالبات کے درمیان صوبائی اسکیم کے تحت ٹیب لیٹ ریاستی وزیر کنور برجیش کے ہاتھوں تقسیم کئے گئے۔ اس سلسلہ میں ادارہ کے احاطہ میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارمیسی کے طلبہ وطالبات کے درمیان صوبائی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے اعلان اور اسکیم کے تحت ٹیب لیٹ تقسیم کرتے ہوئے انہیں بے حد خوشی ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبند جہاں یونانی طب کے فروغ میں اہم رول ادا کررہا ہے وہیں جامعہ کالج آف فارمیسی کے ذریعہ سے فارمیسی کے میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے والدین ، کالج اور حکومت کی جانب سے آپ کو جو سہولیات مہیا کرائی جارہی ہیں ان سے صدفیصد استفادہ کرتے ہوئے اپنی تعلیمی منزل کی جانب بڑھتے رہئے ۔ ہم سب کی نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلاکسی تفریق کے سب کی مدد کررہی ہے اور یکساں طور پر مواقع فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اترپردیش حکومت کی ترقیاتی کاموں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی تاریخ میں فروری ماہ میں ایک بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد ہوا ہے جس میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے تقریباً 35لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کے ایم او یو حکومت کے ساتھ دستخط کئے۔ اتنی بڑی سرمایہ کاری ریاستی حکومت کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سرمایہ کاری سے ریاست میں تقریباً ایک کروڑ ملازمتوں کا موقع نوجوانوں کو ملے گا۔جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر اختر سعید نے حکومت کی جانب سے ان کے کالج کے طلبہ وطالبات کو ٹیب لیٹ دیئے جانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ کا شکریہ اد ا کیا او رکہا کہ وہ ذاتی طور پر اور کالج انتظامیہ اس بات کے معترف ہیں کہ مرکزی اور صوبائی حکومت کی تعلیم کی طرف پوری توجہ ہے اور بغیر کسی بھید بھاﺅ، سب کے لئے اعلیٰ ومعیاری تعلیم کے لئے بہتر سے بہتر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے بھی تعلیم پر بھرپو رتوجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال بھی وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کے ہاتھوں ہمارے ادارے کے طلبہ وطالبات کو ٹیب لیٹ دیئے گئے تھے۔ اس موقع پر جامعہ طبیہ دیوبند کے پرنسپل ڈاکٹر ناصر علی خان، وائس پرنسپل ڈاکٹر فصیح صدیقی، جامعہ کالج آف فارمیسی کے پرنسپل ہرجیندر کمار ، وائس پرنسپل محمد آصف ترکی ، وکیل احمد ، وقار احمد، محمد فیضی، عائشہ پروین، رمیز حسن، انجینئر انور، بی جے پی کے شہر صدر وپن گرگ، بی جے پی کے ضلع نائب صدر یشونت رانا، ڈاکٹر ندیم اقبال، ڈاکٹر سرکار، ڈاکٹر عادل، ڈاکٹر شبلی اقبال وغیرہ موجود رہے ۔ پروگرام کی صدارت اسلامیہ انٹر کالج کے منیجر رضوان الحق صدیقی ایڈوکیٹ نے کی اور نظامت کے فرائض ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی نے انجام دیئے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر