Latest News

مولانا نسیم اختر شاہ قیصرؒ کی یاد میں مفت طبی کیمپ منعقد، سیکڑوں آنکھوں کے مریضوں کی جانچ کرکے انہیں ادویات اور چشمے تقسیم کئے گئے۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
سماجی تنظیم قاسمی مانو سیوا ٹرسٹ کی جانب سے محلہ خانقاہ میں واقع شاہ منزل میں ممتاز قلمکار حضرت مولانا نسیم اختر شاہ قیصر رحمة اللہِ علیہ کی یاد میں ایک مفت آئی طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح دارالعلوم اشرفیہ کے مہتمم مولانا سالم اشرف اور نامور کالم نگار سید وجاہت شاہ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس دوران تقریباً 400مریضوں کی آنکھوں کی جانچ کی گئی اور انہیں مفت ادویات اور چشمے دیئے گئے۔ 
اس موقع پر مولانا سالم اشرف نے کہا کہ مولانا نسیم اختر شاہ قیصرؒ کی یاد میں آج قاسمی مانو سیوا ٹرسٹ کے ذریعہ کیمپ لگانا اچھا قدم ہے۔ انہو ںنے کہا کہ یہ کیمپ ان غرباءو مساکین کی مدد کے لئے ہے جن کے لئے ہسپتالوں کا خرچ اٹھانا ممکن نہیں۔ انہو ںنے کہا کہ لوگ کیمپ میں آکر مفت آنکھوں کا معائنہ کرا رہے ہیں،دوائیں اور چشمے حاصل کررہے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ قاسمی مانو سیوا ٹرسٹ کے منتظمین بھی مبارک باد کے مستحق ہیں کہ وہ غریب اور بے سہارا لوگوں کی وقتاً فوقتاً علاقہ میں مفت طبی کیمپ لگاکر خدمت کررہے ہیں۔ مولانا نسیم اختر شاہ قیصرؒ کے بڑے صاحبزادے مفتی عبید انور شاہ قیصر نے کہا کہ یہ طبی کیمپ اس شخصیت کی یاد میں لگایا جارہا ہے جس نے صرف اپنے علمی مقام سے لوگوں میں شہرت نہیں پائی بلکہ نسیم اختر شاہ قیصر ؒ حسنِ اخلاق اور لوگوں کی مدد کرنے کے لئے بھی مقبول و معروف ہوئے۔ انہوںنے ٹرسٹ کے بانی طاہر شبلی کا شکریہ ادا کیا ۔ 
سید وجاہت شاہ نے کہا کہ قاسمی مانو ٹرسٹ دیوبند کا خانوادہ شاہی شکر گزار ہے کہ انہوں نے عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر کو بھی خراج عقیدت پیش کی ۔ ٹرسٹ کے بانی طاہر شبلی نے کہا کہ ہمارا ٹرسٹ وقتاً فوقتاً مختلف علاقوں میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کرتا ہے تاکہ غریب اور بے سہارا لوگوں کی مدد کی جاسکے۔ ٹرسٹ گزشتہ کئی سالوں سے یتیموں ، بیواﺅں اور دیگر ضرورت مندوں کی مدد کرتا آرہا ہے۔ اس دوران ڈاکٹر اسماء، ڈاکٹر ثاقب ، ماہین، زید شبلی، امیر اعظم، نجم عثمانی، تنویر اجمل، حافظ عمرا لٰہی، انصار مسعودی، نبیل مسعودی، عزیر انور شاہ قیصر اور خبیب انور شاہ قیصر وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر